منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

تعلیم سے محروم اضلاع کیلئے 25 ارب کے فنڈز کہاں خرچ ہوئے؟ سینیٹ کمیٹی میں سوالات اٹھ گئے

Senate of Pakistan

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اقتصادی امور میں تعلیم میں پیچھے رہ جانے والے اضلاع کےلیے صوبوں کو جاری 25 ارب کے استعمال پر سوالات اٹھ گئے۔

وزارت تعلیم کے حکام نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 233 ملین ڈالر کے پروگرام کے تحت اب تک صوبوں کو 110 ملین ڈالر ادا کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو نے فنڈز کی تقسیم اور استعمال کی تفصیلات طلب کیں اور کہا کہ لاڑکانہ میں اسکول نہیں، بتایا جائے رقم کہاں خرچ ہوئی؟

انہوں نے مزید کہا کہ1 ارب ڈالر کے لیے آئی ایم ایف کی منتیں کرتے ہیں، دوسری طرف 233 ملین ڈالر کے استعمال کا علم نہیں۔

دوران اجلاس پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے بھی فنڈنگ کے مقاصد پوچھ لیے جبکہ اجلاس میں دانش اسکولوں اور 190 ملین پاؤنڈ کے استعمال کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

سیف اللّٰہ ابڑو نے یہ بھی کہا کہ کوئی ایسا منصوبہ نہیں جس میں اربوں روپے کی کرپشن نہ ہو، دانش اسکول میں بھی ان کی بڑی دانش مندی سن رہے ہیں۔

انہوں نے استفسار کیا کہ 190ملین پاؤنڈ کہاں خرچ کررہے ہیں؟ وہ دانش اسکول میں ہی خرچ کررہے ہیں ناں؟ اس موقع پر حکام نے بتایا کہ ان 190 ملین پاؤنڈ کا کا ٹرسٹ بن گیا ہے، اسی ٹرسٹ کے تحت دانش یونیورسٹی بھی بن رہی ہے۔

کمیٹی نے سیکریٹری مواصلات کے سمن بھی جاری کردیے اور کہا کہ آئندہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر انہیں کمیٹی میں پیش کرے گا۔