نئے صوبوں کیلئے آئینی طریقہ کار پر عمل ضروری ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینِ پاکستان میں واضح طریقہ کار موجود ہے اور پنجاب کی تقسیم کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظوری لینا آئینی تقاضا ہے جبکہ ریفرنڈم اس آئینی طریقہ کار کا متبادل نہیں بن سکتا۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 239 کی شق ایک اور دو کے تحت آئینی ترمیم کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہے جبکہ شق چار کے تحت کسی بھی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے منظوری لازم ہے، اس لیے نئے صوبوں کے قیام پر پیپلز پارٹی کا آئینی طریقہ کار اپنانے کا اعتراض اپنی جگہ درست ہے اور اس معاملے پر یکساں اصول اپناتے ہوئے آئینی و سیاسی دونوں پہلوؤں سے کھلے دل کے ساتھ بحث ہونی چاہیے۔
انہوں نے 2012 میں پیپلز پارٹی کی جانب سے جنوبی پنجاب صوبے کی قراردادوں اور قیامِ پاکستان سے قبل صوبہ سرحد کے ریفرنڈم کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ جمہوری عمل میں عوامی رائے کی بنیادی اہمیت کے باوجود ریفرنڈم آرٹیکل 239 کی شق چار کی جگہ نہیں لے سکتا، اور نئے صوبوں کے قیام کا حتمی فیصلہ سیاسی جماعتوں کی قیادت نے متعلقہ صوبے کے عوام کی خواہشات کے مطابق کرنا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ مضبوط مقامی حکومتوں کا نظام وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ جامعات میں طلبہ یونینز کے ذریعے ایسی نسل تیار کی جا سکتی ہے جو مستقبل میں مختلف شعبوں میں قیادت کا کردار ادا کرے
مزید پڑھیں





