منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

جو پنجاب مجھے ملا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا، کچرے سے توانائی بنائیں گے،مریم نواز


وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو پنجاب انہیں ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا اور گزشتہ حکومت میں پنجاب کو مؤکل چلا رہے تھے، تاہم آج صوبہ اس مقام پر پہنچ چکا ہے جہاں ہزاروں ٹن کوڑا اٹھانے کے بعد اسے ضائع کرنے کے بجائے توانائی اور آمدن کا ذریعہ بنانے پر کام ہو رہا ہے۔


مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ ان کی کوشش ہے کہ کوڑے سے بائیو گیس تیار کی جائے اور وہ آئندہ ایک ہزار دنوں میں اس منصوبے کو عملی شکل دیں گی جبکہ کام کی رفتار نہیں رکنے دیں گی۔


ستھرا پنجاب منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس منصوبے نے غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے جس کے تحت صوبے کے ہر شہر میں تقریباً دو لاکھ اہلکار صفائی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، اور اس ماڈل کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابی کامیابی کے بعد ’ستھرا آزاد کشمیر‘ جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی ’صاف ستھرا خیبرپختونخوا‘ کے نام سے اسی طرز پر صفائی کے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔


مریم نواز نے مزید کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی محنت اور کامیابیوں کی ویڈیوز، خصوصاً لیپ ٹاپس کی اَن باکسنگ دیکھ کر بے حد خوش ہوتی ہیں، اور پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے طلبہ و نوجوانوں کی کامیابیوں کو سراہنے کے ساتھ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کرتا ہے۔