منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پوپ فرانسس کی نجی ڈائری پر مشتمل کتاب شائع کر دی گئی،جہنم کے دروازے اور شیطان کو دیکھنے کا دعویٰ

7uculc6_pope-francis_625x300_06_June_24

کیتھولک چرچ کے آنجہانی سربراہ پوپ فرانسس کی نجی ڈائری پر مشتمل کتاب آج 24 نومبر کو شائع کر دی گئی ہے-


کیتھولک چرچ کے آنجہانی سربراہ پوپ فرانسس کی نجی تحریروں اور یادداشتوں پر مشتمل کتاب "دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس" (The Private Diary of Pope Francis) آج 24 نومبر 2026 کو دنیا بھر میں باضابطہ طور پر شائع کر دی گئی ہے


اس 160 صفحات پر مشتمل کتاب میں پوپ فرانسس کی 1992 سے 2024 تک کی نجی یادداشتیں، دعائیں، روحانی تجربات، اندرونی کشمکش اور ذاتی خدشات شامل ہیں، جو انہوں نے ارجنٹائن میں بطور بشپ اور بعد ازاں بطور پوپ ایک سیاہ جلد والی ڈائری میں تحریر کیے تھے۔


اس کتاب کو ویٹیکن پبلشنگ ہاؤس اور پینگوئن رینڈم ہاؤس سمیت دیگر عالمی اشاعتی اداروں کے اشتراک سے بیک وقت 5 زبانوں (انگریزی، اطالوی، ہسپانوی، پرتگالی اور فرانسیسی) میں شائع کر کے 94 ممالک میں تقسیم کیا گیا ہے۔


پوپ فرانسس نے اپریل 2025 میں اپنی وفات سے قبل یہ خواہش ظاہر کی تھی کہ اگر ان کی یہ تحریریں لوگوں کی روحانی اصلاح اور بھلائی کا باعث بن سکیں تو انہیں بعد از مرگ شائع کیا جا سکتا ہے، جس کی حتمی منظوری موجودہ پوپ لیو چہاردہم (Pope Leo XIV) نے دی۔


پوپ فرانسس کی نجی ڈائری سے سامنے آنے والی نئی معلومات میں ان کی روحانی کشمکش، اہم فیصلوں کا دباؤ اور شیطان و جہنم سے متعلق ان کے ذاتی تجربات شامل ہیں, رائٹرز کے مطابق، آنجہانی پوپ فرانسس نے اپنی زندگی میں تین مرتبہ شیطان کو دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ ایک موقع پر جہنم کے دروازے دیکھنے کا بھی ذکر کیا۔


ان کی نجی ڈائری سے منتخب اقتباسات پر مشتمل نئی کتاب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پوپ فرانسس نے 2021 میں شروع ہونے والی تقریباً دو سالہ روحانی کشمکش کے دوران اپنے ایمان پر قائم رہنے کی جدوجہد کی اس عرصے میں انہیں کیتھولک چرچ کے انتظامی معاملات چلانے، اہم فیصلے کرنے اور اپنے اختیارات کے درست استعمال سے متعلق بھی دباؤ کا سامنا رہا۔


پوپ فرانسس اپریل 2025 میں 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے وہ 12 سال تک کیتھولک چرچ کے سربراہ رہے آج شائع ہونے والی کتاب ”دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس“ میں ان کی ڈائری کے منتخب حصے شامل ہیں یہ ڈائری 1992 سے اگست 2024 تک کے عر صے پر مشتمل ہے، جس میں پوپ فرانسس نے اپنی روحانی زندگی، پریشانیوں اور ذاتی احساسات کا ذکر کیا۔


کتاب کو کارڈینل وکٹر فرنانڈیز نے مرتب کیا ہے، جنہیں پوپ فرانسس نے 2023 میں ویٹیکن کے اہم محکمہ برائے عقیدہ کا سربراہ مقرر کیا تھا انہوں نے ڈائری کے اقتباسات کے ساتھ اپنی وضاحتیں بھی شامل کی ہیں یہ کسی پوپ کی ایسی پہلی ڈائری ہے جو 1960 کی دہائی کے بعد ان کے انتقال کے بعد عوام کے لیے شائع کی گئی ہے۔


دسمبر 2022 کی ایک ڈائری میں پوپ فرانسس نے اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی روحانی کشمکش میں چرچ کے انتظامی معاملا ت، فیصلوں کا دباؤ اور روحانی بے سکونی سب ایک ساتھ شامل تھے کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق، پوپ فرانسس نے بالآخر اس دور کو اپنی زندگی کی سب سے سخت آزمائش قرار دیا۔ ان کے بقول، پوپ کو مسلسل اس بات کی کشمکش رہتی تھی کہ کہیں وہ شیطان کی ترغیب کا شکار نہ ہو جائیں۔


کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق، پوپ فرانسس دوسروں کو اپنی مرضی کے مطابق استعمال کرنے یا ان پر قابو پانے والے شخص نہیں بننا چاہتے تھے2023 میں ایک ملاقات کے دوران ایک بشپ نے پوپ فرانسس سے پوچھا کہ انہوں نے ویٹیکن کے ایک ایسے عہدیدار کو کیوں نہیں ڈانٹا جو عوامی سطح پر ان کے خلاف باتیں کر رہا تھا۔


اس پر پوپ فرانسس نے کہا کہ انہیں اپنے دل میں یہ احساس ہوتا ہے کہ خدا نہیں چاہتا کہ وہ ایسے شخص بنیں جو لوگوں کو کٹھ پتلیوں کی طرح اپنی مرضی کے مطابق استعمال اور قابو کرےکتاب میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ پوپ فرانسس کے ذہن میں وہ کون سا شخص تھا جسے وہ اپنی مرضی کے مطابق استعمال کرنے سے گریز کر رہے تھے۔


پوپ فرانسس نے جنوری 2021 کی ایک ڈائری میں اپنی زندگی کے تین ایسے واقعات کا ذکر کیا جن میں ان کے خیال میں انہوں نے شیطان کو دیکھا تھا ان میں سے ایک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ پوپ بننے کے بعد ویٹیکن کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ملاقات میں موجود تھے۔


اس واقعے کے بارے میں پوپ فرانسس نے لکھا کہ وہ اس آواز کی شدت اور کھردرے پن کو نہیں بھول سکتے ان کے بقول، خدا نے انہیں اس ملاقات سے نکلنے کا موقع دیا،جس سےانہیں اس کیفیت سے نجات ملی پوپ فرانسس نے اس سے پہلے بھی اپنی ڈائری میں شیطان کو دیکھنے کے تجربات کا ذکر کیا تھا,یہ تمام واقعات پوپ فرانسس کے اپنے بیان کردہ ذاتی تجربات ہیں، جنہیں ان کی ڈائری میں درج کیا گیا ہے۔


پوپ فرانسس نے جون 2018 کی ایک ڈائری میں لکھا کہ انہوں نے ایک رات جہنم کے دروازے دیکھے تھے انہوں نے جہنم کے اندر جھانک کر دیکھنے کی کوشش کی، لیکن اس منظر نے انہیں خوف زدہ کر دیا،اس موقع پر انہوں نے اپنی مدد کے لیے روزری یعنی کیتھولک مسیحیوں کی مخصوص دعائیہ تسبیح کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا۔


انہوں نے لکھا کہ وہ اس مدد پر خدا کے شکر گزار ہیں۔ کتاب میں ان واقعات کو پوپ فرانسس کی روحانی زندگی کے تناظر میں پیش کیا گیا ہے۔ اس میں ان کے خوابوں کا بھی ذکر ہے، جن کے بارے میں وہ سمجھتے تھے کہ خدا ان سے خوابوں میں بات کرتا ہے۔


پوپ فرانسس کی ڈائری میں ان کے اس دور کے چند اہم واقعات کا ذکر بھی موجود جس یں وہ پوپ رہے، ان واقعات میں 2018 میں چلی کا دورہ خاص طور پر شامل ہے اس دورے کے دوران پوپ فرانسس کو ایک بشپ کے خلاف جنسی زیادتی اور واقعے کو چھپانے کے الزامات مسترد کرنے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا،بعد میں انہوں نے معذرت کی اور چلی کے بشپوں کو روم طلب کیا۔


پوپ فرانسس نے 2021 کی ایک ڈائری میں چلی کی صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے لیے یہ تسلیم کرنا مشکل تھا کہ وہاں کیا ہوا تھا انہیں اندازہ نہیں تھا کہ معاملہ اتنا سنگین تھا۔


کتاب میں پوپ فرانسس کے جانشین پوپ لیو چہاردہم سے متعلق ان کے خیالات بھی شامل ہیں کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق، پوپ فرانسس نے امریکی کارڈینل رابرٹ پریوسٹ کے بارے میں کہا تھا کہ وہ ایک بہترین پادری، فیاض مشنری اور بے عیب انسان ہیں۔پریوسٹ کو مئی 2025 میں پوپ فرانسس کے جانشین کے طور پر منتخب کیا گیا تھا اور وہ پوپ لیو چہاردہم بنے۔


پوپ فرانسس نے اپنے دو نمایاں ناقدین، کارڈینل رابرٹ سارہ اور کارڈینل گیرہارڈ ملر کے بارے میں بھی مثبت خیالات کا اظہار کیا تھا ڈائری میں پوپ فرانسس نے اپنی پوپ کے طور پر تقرری کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے جولائی 2013 میں لکھا کہ انہیں 13 مارچ کو پوپ منتخب کیا گیا تھا۔


رائٹرز کے مطابق، پوپ فرانسس کی یہ ڈائری ان کی روحانی زندگی اور ذاتی کشمکش کی ایک نادر جھلک پیش کرتی ہے اس میں ان کے دورِ پوپ کے سیاسی اور انتظامی واقعات کے بجائے زیادہ تر ان کے ذاتی احساسات، ایمان اور روحانی تجربات کو جگہ دی گئی ہے۔