منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

خواجہ آصف رانا ثناء اللہ کی حمایت میں سامنے آگئے


وزیر دفاع خواجہ آصف نے  وزیر اعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ کی سیاسی جدوجہد، بصیرت اور جماعت سے وفاداری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف اور عمران خان کے ادوار میں ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، لیکن کوئی بھی انہیں توڑ نہیں سکا۔


’ایکس‘ پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سینیٹر رانا ثناء اللہ کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رانا ثناء اللہ ایک مستند اور محترم سیاسی کارکن ہیں، اور ایک سیاسی ورکر کا مقام سیاسی رہنما سے کہیں زیادہ محترم ہوتا ہے۔


خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ رانا ثناء اللہ وقت کے فرعونوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے رہے۔ جنرل (ر) پرویز مشرف اور عمران خان نے ان پر ظلم کے پہاڑ توڑے لیکن وہ ان کے عزم کو متزلزل نہ کر سکے۔ انہوں نے رانا ثناء اللہ کی سیاسی بصیرت اور وفاداری کو مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔


انہوں نے رانا ثناء اللہ کو پنجابی زبان میں مخاطب کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور لکھا ’رانا جی ہسدے رہو تے وسدے رہو۔ آمین۔


وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی جانب سے رانا ثناء اللہ کے حق میں سامنے آنے والا یہ خصوصی پیغام دراصل وفاقی کابینہ کے 2 اہم ارکان  وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  کے درمیان گزشتہ چند دنوں سے جاری شدید لفظی جنگ اور سیاسی تناؤ کا پس منظر رکھتا ہے۔


اس حالیہ کشیدگی کا آغاز جولائی 2026 میں اس وقت ہوا جب وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا موجودہ گورننس ماڈل مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور انتظامی اصلاحات کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے، جس کے لیے ریفرنڈم بھی کرایا جا سکتا ہے۔


رانا ثناء اللہ نے محسن نقوی کے اس بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئے صوبے بنانے یا آئینی تبدیلیوں کا فیصلہ کسی بزنس فورم یا ریفرنڈم کے بجائے پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے، جو شخصیت خود اسی سیاسی نظام کے تحت ساڑھے 3 سال میں وزیراعلیٰ، سینیٹر اور پھر وزیر داخلہ بنی، وہ کس طرح اس نظام کو ناکام قرار دے سکتی ہے؟ان کے بقول محسن نقوی نے اس حساس معاملےکو ’مس ہینڈل‘ کر کے غیر ضرو ری طور پر متنازع بنا دیا ہے جو شخصیت خود اسی سیاسی نظام کے تحت ساڑھے 3 سال میں وزیراعلیٰ، سینیٹر اور پھر وزیر داخلہ بنی، وہ کس طرح اس نظام کو ناکام قرار دے سکتی ہے؟ ان کے بقول محسن نقوی نے اس حساس معاملے کو ’مس ہینڈل‘ کر کے غیر ضروری طور پر متنازع بنا دیا ہے۔


رانا ثناء اللہ کی جانب سے ٹی وی ٹاک شوز میں مسلسل تنقید پر 22 نومبر 2026 کو لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے نام لیے بغیر رانا ثناء اللہ کو شدید تنبیہ کی محسن نقوی نے کہا ’میں ڈھائی سال سے صبر کے ساتھ اس وزیر کی باتیں سن رہا ہوں، جس دن میں نے کھل کر جواب دیا، وہ عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے،موصوف روزانہ شام کو ٹی وی اسکرین پر نظر آنے (میڈیا لائم لائٹ) کے لیے ان پر تنقید کرتے ہیں۔


مزید برآں، کاروباری شخصیات کا دفاع کرتے ہوئے محسن نقوی نے سیاسی جماعتوں پر طنز کیا کہ اگر تاجر اتنے ہی برے ہیں تو سیاسی جماعتیں الیکشن مہم کے دوران انہی تاجروں سے اربوں روپے کے فنڈز کیوں لیتی ہیں؟


محسن نقوی کے بیان کے اگلے ہی روز  رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو اور ٹی وی پروگرامز میں انتہائی سخت ردعمل دیا جب ایک پروگرام میں رانا ثناء اللہ سے محسن نقوی کے بیانات پر تبصرہ کرنے کو کہا گیا تو انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’کیا محسن نقوی قائداعظم ہیں کہ میں ڈھائی تین سال سے ان کی ذات اور خیالات پر تبصرے کر رہا ہوں؟ میں نے کبھی ان کی ذات پر بات نہیں کی بلکہ بطور سیاسی کارکن ان کی کارکردگی پر بات کرنا میرا حق ہے۔‘


منہ چھپانے والے بیان پر انہوں نے کہا ’ نہ مجھے منہ چھپانے کی ضرورت ہے اور نہ ہی مجھ جیسا شخص کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والا ہے۔‘


محسن نقوی کے فنڈنگ والے بیان پر رانا ثناء اللہ نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری لوگ تو کسی کو بخار بھی نہ دیں، اربوں روپے کیسے دیں گے؟ محسن نقوی بتائیں کہ کس کاروباری شخصیت نے مسلم لیگ ن کو اربوں، لاکھوں یا سو روپے بھی دیے ہیں؟


رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ محسن نقوی نے بالواسطہ طور پر فیلڈ مارشل (آرمی چیف) کی طرف منسوب کر کے کچھ باتیں کیں (کہ وہ ریڈ لائن ہیں اور اسے عبور نہیں کرنا چاہتے)، جس پر انہیں اعتراض تھا کیونکہ عسکری قیادت کو سیاسی تنازعات میں نہیں گھسیٹنا چاہیے۔