منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نیٹو کا پولینڈ میں فضائی نگرانی کرنے والا طیارہ تعینات کرنے کا فیصلہ


نیٹو نے روس کے 3 کروز میزائل پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے واقعے کے بعد ملک میں جدید فضائی نگرانی اور فوجی کمانڈ اینڈ کنٹرول کا نظام تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹو کی ترجمان ایلیسن ہارٹ اور پولینڈ کے نائب وزیر دفاع پاول زالیوسکی نے پیر کو الگ الگ تصدیق کی کہ یورپ میں نیٹو کے سپریم الائیڈ کمانڈر نے ایئر بورن وارننگ اینڈ کنٹرول سسٹم یعنی اواکس طیارہ پولینڈ میں تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے۔


پولینڈ کے وزیر دفاع ولادیسلاف کوسینیاک کامیش کے مطابق، نیٹو کے ابتدائی وارننگ سسٹم سے لیس طیارے پہلے ہی پولینڈ کی فضائی حدود کے تحفظ میں مدد فراہم کر رہے ہیں,انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ اتحادی ممالک کے فضائی نگرانی کے طیارے پولینڈ کی فضائی حدود کے دفاع کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔


ایئر بورن وارننگ اینڈ کنٹرول سسٹم یعنی اواکس طیارے فضا میں موجود خطرات کا سراغ لگانے اور فضائی دفاعی کارروائیوں میں رابطہ کا ری کی صلاحیت رکھتے ہیں,نیٹو کے پاس ایسے 14 بڑے بوئنگ ای 3 اے سینٹری طیارے موجود ہیں، جن کی شناخت ان کے جسم پر نصب مخصوص ریڈار گنبد سے کی جا سکتی ہے۔


پولینڈ کے نائب وزیر دفاع پاول زالیوسکی نے اس تعیناتی کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صلاحیت سے زمینی اور فضائی صورتحال پر نظر رکھنے اور خطرات کا بروقت جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔


یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب زالیوسکی نے روس کی جانب سے پولینڈ کی فضائی حدود کی تازہ خلاف ورزی کے معاملے پر نیٹو کے سفیروں کو بریفنگ دی اور ملک کے فضائی دفاع کے لیے اضافی اقدامات کی درخواست کی،پولینڈ کے وزیر دفاع نے کہا کہ ان کا ملک مزید معاونت کا خواہاں ہے، تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں۔


واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو یوکرین پر روس کے بڑے حملے کے دوران 3 روسی میزائل پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوئے اور ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں گرے-