منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان کی میزبانی میں دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت 2026 کی افتتاحی تقریب


پاکستان کی میزبانی میں دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت 2026 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سمیت 32 ممالک کے قراء شرکت کر رہے ہیں, مقابلہ 25 سے 26 نومبر تک 3 روز جاری رہے گا۔


افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا کہ بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرأت کی میزبانی پاکستان کے لیے اعزاز ہے، یہ محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ قرآن کریم کے ساتھ ہماری اجتماعی وابستگی کا اظہار اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان روحانی و ثقافتی روابط مضبوط بنانے کا ذریعہ ہے۔


انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت کے ساتھ اس کے فہم اور عملی پیروی کو بھی فروغ دینا ہوگا کیونکہ قرآن ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے پاکستان قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتا ہے اور ان تعلیمات کو قومی کردار سازی اور معاشرتی اصلاح کا ذریعہ بنانا ہمارا وژن ہے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ قرآن کریم کی طباعت و اشاعت میں اغلاط کے خاتمے کے لیے اہم قانون سازی کی گئی ہے پارلیمان سے قرآن مجید کی درست طباعت سے متعلق 1973 کے قانون میں ترمیمی ایکٹ 2024 منظور کرایا گیا جبکہ ملک بھر میں قرآن کریم کی طباعت و اشاعت میں یکسانیت کے لیے معیاری نسخہ بھی مقرر کیا گیا ہے,قرآن کریم کے تقدس اور صحت متن کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔


سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان قرآن کریم کی تعلیم، حفظ اور فن قرأت کے فروغ میں عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرے گا,قومی سطح پر حفظ و قرأت کے مقابلوں کے ذریعے باصلاحیت حفاظ اور قراء کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جبکہ قرآن و سیرت کے علمی سرمائے کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹل لائبریری اور ڈیجیٹائزیشن پر بھی کام جاری ہے۔


انہوں نے کہا کہ قرآن کریم مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کو ایک امت بناتا ہے اور عدل، احسان اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ پاکستان امن، مکالمے، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر یقین رکھتا ہے اور ملک کو قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق مضبوط، پُرامن اور خوشحال ریاست بنانا ہمارا عزم ہے۔


وفاقی وزیر نے 50ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد کو بھی ایک اہم تاریخی سنگ میل قرار دیا,تقریب میں جوائنٹ سیکر یٹری شعبہ دعوت و زیارات شہباز مصطفیٰ نے استقبالیہ خطاب کیا مقابلے کے منصفین میں معروف پاکستانی قاری سید صداقت علی (سربراہ)، مصر کے قاری محمد احمد محمد عبدالحفیظ، ایران کے قاری مہدی دغاگلے اور پاکستان کے قاری نجم الصبیح شامل ہیں پاکستان سے قاری و جاہت رضا اور ڈاکٹر قاری اکرام اللہ محسن معاون ججز کے فرائض انجام دیں گے۔


تقریب میں سیکریٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر مرزا علی محسور اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔