منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

وینزویلا کے تیل کا معاہدہ: امریکی نائب صدر کیخلاف تحقیقات شروع

vice-president-jd-vance-at-the-congressional-cities-conference-of-the-national-league-of-cities-ph-142422186-16x9_0

امریکی سینیٹ کی کمیٹی نے نائب صدر جے ڈی وینس کے وینزویلا کے تیل کا بڑا کاروباری معاہدہ حاصل کرنے میں کردار کی تحقیقات شروع کردیں،امریکی نائب صدر پر یہ الزام ہے کہ وینس نے سیاسی عطیات دینے والے تاجر کو فائدہ پہنچانے کے لیے اپنے عہدے کا استعمال کیا۔


تفصیلات کے مطابق امریکی سینیٹر میگی ہاسن نے نائب صدر جے ڈی وینس کو خط لکھ کر ان سے وضاحت اور متعلقہ دستاویزات طلب کرلی ہیں خط میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وینس نے اپنے منصب کا استعمال کرتے ہوئے معروف عالمی تجارتی کمپنی وٹول (Vitol) کو وینزویلا کے تیل کی فروخت کا منافع بخش معاہدہ دلوانے میں مدد کی۔


یہ تحقیقات خبر رساں ادارے رائٹرز کی 11 نومبر کو شائع ہونے والی خصوصی رپورٹ کے بعد شروع کی گئی ہیں، جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ جنوری میں امریکا کی جانب سے وینزویلا پر حملے اور صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے تقریباً ایک ہفتہ قبل جے ڈی وینس کی ملاقات وٹول کے تاجر جان ایڈیسن سے ہوئی تھی۔


سینیٹر میگی ہاسن نے اپنے خط میں کہا ہے کہ وینس کے دفتر اور جان ایڈیسن کی جانب سے ملاقات کی تردید کے باوجود پروازوں کے ر یکارڈ سے معلوم ہوتا ہے کہ مبینہ ملاقات کے روز ایڈیسن کا نجی طیارہ اور نائب صدر کا سرکاری طیارہ مونٹانا کے ایک ہی ہوائی اڈے پر موجود تھے،ہاسن نے وینس کے دفتر سے 14 دسمبر تک متعدد دستاویزات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جن میں وینس یا ان کے عملے اور ایڈیسن یا وٹول کمپنی کے درمیان ہونے والی خط و کتابت بھی شامل ہے۔


رائٹرز کے مطابق وینس اور ایڈیسن کی ملاقات دسمبر 2025 میں مونٹانا کے ایک انتہائی مہنگے اسکیئنگ اور گالف ریزورٹ یلو اسٹون کلب میں ہوئی تھی۔ اس معاملے سے واقف ایک شخص کے مطابق دونوں کے درمیان وینزویلا کے تیل پر گفتگو ہوئی اور وینس نے خاص طور پر یہ جاننے میں دلچسپی ظاہر کی کہ اگر امریکا کو وینزویلا کے تیل پر کنٹرول حاصل ہوجائے تو اسے عالمی منڈی میں کتنی جلد فروخت کیا جاسکتا ہے۔


ایڈیسن نے مبینہ طور پر انہیں یقین دلایا کہ وٹول یہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تاہم وٹول کے مطابق اس وقت ایڈیسن پٹرول کی تجارت سے وابستہ تھے اور انہیں وینزویلا کے خام تیل کی تجارت کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ وہ رواں سال کے آغاز میں کمپنی سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔


دوسری جانب وینس کے ترجمان لیوک شروڈر نے رائٹرز کو بتایا کہ ہوائی اڈے پر مبینہ ملاقات کبھی نہیں ہوئی۔ وٹول اور ایڈیسن نے بھی فوری طور پر اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔


رائٹرز کے مطابق ایڈیسن نے تصدیق کی ہے کہ 5 جنوری کو، یعنی مادورو حکومت کے خاتمے کے لیے امریکی کارروائی کے دو روز بعد، امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے ہیوسٹن میں انہیں فون کیا اور وینزویلا کے تیل کی فروخت کے لیے وٹول کو کام دینے کی پیشکش کی۔


امریکی محکمہ توانائی نے بھی تصدیق کی ہے کہ کرس رائٹ نے 5 جنوری کو ایڈیسن سے وینزویلا کے معاملے پر بات کی تھی اس کے چند روز بعد وٹول اور اس کی حریف کمپنی ٹرافیگورا کو وینزویلا کا تیل فروخت کرنے کے خصوصی لائسنس مل گئے۔ دونوں کمپنیوں نے اس کاروبار سے کروڑوں ڈالر کمائے ہیں۔


امریکی محکمہ خارجہ کی رواں ماہ جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران امریکا نے وینزویلا کے تیل سے حاصل ہونے والی 12 ارب ڈالر سے زائد آمدنی کا انتظام کیا۔


رپورٹ کے مطابق جان ایڈیسن جے ڈی وینس کے ابتدائی حامیوں میں شامل تھے انہوں نے 2022 میں وینس کی اوہائیو سے سینیٹ کی نشست کے لیے انتخابی مہم کی حمایت میں سیاسی ایکشن کمیٹی کو 3 لاکھ ڈالر دیے تھے۔ بعد ازاں 2024 میں ایڈیسن اور ان کی اہلیہ شینن نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی مدت کے حصول کے لیے قائم سیاسی کمیٹیوں کو 70 لاکھ ڈالر عطیہ کیے تھے۔ یہ تفصیلات امریکی الیکشن کمیشن کے ریکارڈ میں موجود ہیں۔