منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ہماری زندگی کا ہر پہلو اب سائبر سیکیورٹی سے جڑ چکا ہے,شزہ فاطمہ


وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں، ہماری زندگی کا ہر پہلو اب سائبر سیکیورٹی سے جڑ چکا ہے-


ایئر یونیورسٹی میں سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دو ران دنیا میں سائبر سیکیورٹی کے چیلنجز نے بہت کچھ سوچنے پر مجبور کیا ہے ٹیکنالوجی میں جدت کے ساتھ بدعنوان عناصر بھی جدید طریقے اپنا رہے ہیں، سائبر حملوں اور فراڈ سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں۔


شزہ فاطمہ نے کہا کہ حکومت نے نیشنل سائبر سیکیورٹی اکیڈمی اور نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر کے قیام اور سائبر سیکیورٹی پالیسی کے لیے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ آج سائبر سیکیورٹی آپریشن سینٹر کا افتتاح ایک اہم پیشرفت ہے، امید ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن دیگر جامعات میں بھی ایسے مراکز کے قیام کے لیے اقدامات کرے گا۔


انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن کے تحت ملک کو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی جانب لے جا رہی ہے ڈیجیٹل نیشن ایکٹ منظور کرکے متعلقہ اتھارٹی قائم کی گئی ہے اور اب ڈیجیٹل گورننس پر کام جاری ہے، جس کی قیادت وزیراعظم کر ر ہے ہیں حکومتی امور ای آفس کے ذریعے انجام دیے جا رہے ہیں اور سرکاری نظام کو ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔


وفاقی وزیر کے مطابق چند ماہ کے دوران 3.7 ارب روپے کی حکومتی ادائیگیوں میں سے 92 فیصد ڈیجیٹل طریقے سے کی گئیں، جبکہ قومی سطح پر ڈیٹا رجسٹری بھی تیار کی جا رہی ہے,معیشت اور پائیدار ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے پوسٹ کوانٹم کرپٹو گرا فی پر کام شروع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہےتمام اداروں میں انفارمیشن سیکیورٹی فریم ورک نافذ کیا جائے گا تاکہ سائبر حملوں اور ڈیٹا کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔


انہوں نے کہا کہ پاکستان سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے نمایاں ممالک میں شامل ہو چکا ہے اور معرکہ حق کے دوران سائبر سیکیورٹی کے محاذ پر حاصل ہونے والی کامیابی نے اعتماد میں اضافہ کیا, وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں ایک تاریخی کامیابی حاصل ہوئی, مصنو عی ذہانت کی مدد سے ہونے والے سائبر حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے نئی حکمت عملی اپنانا ہوگی اور عوام میں سائبر سیکیورٹی سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا ہوگا۔