ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے پاکستانی بننے کے لیے تیار

پاکستانی سائنس دان ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے تحت چینی خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے پاکستانی بننے جا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کے مطابق مشن کی روانگی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ذیشان علی اس مشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے ،ذیشان علی نے اس موقع پر کہا ہے کہ وہ 24 کروڑ پاکستانی عوام کی امیدیں اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں اور یہ ان کے لیے ذاتی اعزاز کے ساتھ ساتھ پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی مشن میں صرف ان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی ہوگی۔
انہوں نے پاک چین تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے۔ ذیشان علی کا کہنا تھا کہ چینی خلا بازوں کے ساتھ ان کے برادرانہ تعلقات ہیں اور وہ اس مشترکہ مشن کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ذیشان علی نے اپنے اس سفر کو نہ صرف ذاتی بلکہ قومی اعزاز قرار دیتے ہوئے علامہ اقبال کے شعر کا حوالہ بھی دیا کہ تو شاہیں ہے پرواز ہے کام تیرا، تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کے اور ان کے ملک کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
چین کی خلائی ایجنسی کے مطابق شین ژو 24 مشن 25 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین کے جیو کوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔ مشن میں 3 خلا باز شامل ہیں، جن میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو بطور کمانڈر اور وو یی بطور فلائٹ انجینئر خدمات انجام دیں گے، جبکہ ذیشان علی سائنسی تجربات کے ماہر کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر گزاریں گے، جہاں وہ چینی خلا بازوں کے ساتھ مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ ان تجربات میں پاکستان اور چین کے مشترکہ سائنسی منصوبے بھی شامل ہیں، جن کا تعلق بائیو ٹیکنالوجی اور دیگر سائنسی شعبوں سے ہے۔ مشن مکمل ہونے کے بعد وہ شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
یہ مشن پاکستان کے انسانی خلائی سفر کے پروگرام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ فروری 2025 میں پاکستان کے خلائی تحقیق کے ادارے سپارکو اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے درمیان خلائی تعاون کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت پاکستانی خلا بازوں کو چین میں تربیت د ینے اور ان میں سے ایک کو تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے مشن میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس مشن میں ذیشان علی کی شمولیت کے بعد وہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی بن جائیں گے، جبکہ یہ چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں کسی غیر ملکی خلا باز کی پہلی مشترکہ پرواز ہوگی۔



