پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایات پر ستھرا پنجاب ایجنسی کا فیلڈ آپریشن جاری

مصنف:

ایم ڈی احمد سلیم چشتی کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی انتظامات کا تفصیلی جائزہ


اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی خصوصی ہدایات پر تحصیل بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی اوکاڑہ احمد سلیم چشتی نے شہر کے مختلف علاقوں سمیت فیضانِ مدینہ روڈ اور محبوب ٹاؤن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال، سڑکوں اور گلیوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی اور ویسٹ مینجمنٹ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا دورے کے دوران انہوں نے مختلف مقامات پر صفائی کے عمل کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ عملے کی کارکردگی اور فیلڈ میں جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا انہوں نے ہدایت کی کہ تحصیل بھر کے تمام علاقوں میں صفائی کے مقررہ بیٹ پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی مقام پر کوڑا کرکٹ جمع نہ ہونے دیا جائے گلیوں، سڑکوں، بازاروں اور عوامی گزرگاہوں کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے جبکہ جمع ہونے والے کوڑے کو فوری طور پر اٹھا کر مقررہ ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کیا جائے منیجنگ ڈائریکٹر احمد سلیم چشتی نے مزید ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور فیلڈ ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں پوری محنت، مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ستھرا پنجاب ایجنسی کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کے لیے تمام دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے انہوں نے کہا کہ شہر کی صفائی کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنے کے لیے فیلڈ آپریشن کی مسلسل نگرانی ضروری ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھری سڑکیں، گلیاں اور بہتر ماحول میسر آ سکے اس موقع پر سارکو ایریا مینیجر فیاض حسین بھی موجود تھے


....................................


اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)انسداد ڈینگی مہم کے تحت سرویلنس اور فیلڈ مانیٹرنگ کے عمل میں تیزی، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار کے ہمراہ عمر دین کالونی، کوٹ فتح ٹاؤن اور گلشن احمد ٹاؤن کا دورہ اور انسداد ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی ورکنگ اور اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں ڈینگی لاروا کی روک تھام کے لیے سرویلنس اور احتیاطی اقدامات کی مانیٹرنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے کوٹ فتح ٹاؤن میں سروس اسٹیشنز کی چیکنگ کے پانی جمع ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ سروس اسٹیشنز میں پانی جمع ہونے پر متعلقہ مالکان کو وارننگ نوٹسز جاری کردیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے آئندہ خلاف ورزی کرنے والے سروس اسٹیشنز کے خلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کر دیے اور ڈینگی کی افزائش روکنے کے لیے پانی جمع ہونے والے مقامات کی فوری صفائی اور خاتمے کی ہدایات دیں اور شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ انسانی زندگیوں کے لیے مہلک ڈینگی کی روک تھام کے لیے سرویلنس کا عمل تسلسل سے جاری ہے۔ ضلع بھر میں ڈینگی لاروا کی تلاش اور تلفی کے لیے تمام ٹیمیں متحرک ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال میں زیر علاج ڈینگی کے 6 کنفرم مریضوں کا تعلق بیرونی اضلاع سے ہے۔ ضلع میں ڈینگی کی صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم سرویلنس، احتیاطی تدابیر سمیت دیگر اقدامات از حد ضروری ہیں۔ عوام الناس احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور گھروں گلیوں میں پانی ہرگز جمع نہ ہونے دیں۔ عوامی تعاون اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے ہی مضر صحت ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے۔


....................................


اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کا ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کے ہمراہ فیصل محمود کالونی کنال روڈ کا دورہ،

انہوں نے سڑک پر نئی تنصیب شدہ ٹف ٹائل کا جائزہ لیا۔ اس موقع انہوں نے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، سڑک کے اطراف میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور علاقے کی خوبصورتی میں اضافے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ شہری علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی بہتری ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ فیصل محمود کالونی کنال روڈ پر ٹف ٹائل کی تنصیب سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی جبکہ سٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے رات کے وقت بھی شہریوں کو بہتر روشنی اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی اور مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ امور پر باہمی مشاورت اور شہری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے بھی شہریوں کی سہولت کے لیے جاری ترقیاتی کاموں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے شہریوں کو براہ راست فائدہ پہنچتا ہے اور علاقے کی تعمیر و ترقی میں بہتری آتی ہے۔


......................................


اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر شہر کے پبلک پارکس اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی، دیکھ بھال اور شجرکاری کے اقدامات جاری، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وسیم جاوید کی زیر نگرانی زمان پارک، حبیب جالب پارک، کینال روڈ، اوکاڑہ بائی پاس پر پودوں کی دیکھ بھال، آبیاری اور شجرکاری کا سلسلہ جاری ہے۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وسیم جاوید نے مختلف پارکس میں ہارٹیکلچر ٹیموں کی ورکنگ، پودوں کی نگہداشت اور جاری شجرکاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ ٹیموں کو ہدایت کی کہ پارکس میں موجود پودوں کی مناسب دیکھ بھال، بروقت پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔وسیم جاوید نے کہا کہ پبلک پارکس شہریوں کے لیے تفریح، صحت مند سرگرمیوں اور تازہ ماحول کی فراہمی کا اہم ذریعہ ہیں۔ ان کی خوبصورتی اور سرسبزی برقرار رکھنے کے لیے ہارٹیکلچر ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں باقاعدگی سے ادا کریں۔


...................................


اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کا ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ، ڈپٹی کمشنر نے شعبہ ایمرجنسی اور مختلف میڈیکل وارڈز میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ محمد اکرام ملک کی ہسپتال کی فارمیسی میں مفت ادویات کے سٹاک اور فراہمی کے عمل کی چیکنگ بھی کی۔ ڈپٹی کمشنر نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات، علاج معالجے اور ادویات کی دستیابی بارے دریافت بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کی بہترین نگہداشت کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ صحت عامہ کی شعبہ میں معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری ہرگز پیش نہیں آنی چاہیے۔ معیاری طبی سہولیات کے لیے ہسپتال کے تمام کاؤنٹرز مکمل فعال رکھے جائیں۔