بااثر شوگر مل مالکان کے مفادات کے بجائے کسانوں اور عوام کو ترجیح دی جائے، فیصل ندیم

چینی کی برآمد اور درآمد کے نام پر منافع خوری کا سلسلہ بند کیا جائے،ترجمان مرکزی مسلم لیگ
لاہور( ) مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان فیصل ندیم نے کہا ہے کہ پنجاب میں گنے کی فصل تیار ہے لیکن شوگر ملوں نے تاحال کرشنگ سیزن شروع نہیں کیا، جس کے باعث کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت کی جانب سے گنے کی قیمت 450 روپے فی من مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا جبکہ کسانوں سے 350 سے 400 روپے فی من کے حساب سے گنا خریدا جا رہا ہے۔ خریداری کا عمل بھی انتہائی سست ہے، جس کی وجہ سے کسانوں کو لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ کسانوں کا گنا 700 روپے فی من کے مناسب نرخ پر خریدا جائے۔
فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ شوگر ملوں کی تاخیر اور خریداری کے سست عمل سے کسانوں کو مالی نقصان پہنچ رہا ہے اور انہیں مجبوراً کم قیمت پر اپنی فصل فروخت کرنا پڑ سکتی ہے۔ شوگر ملوں کے مالکان میں بااثر سیاسی اور حکومتی شخصیات کی موجودگی کے باعث اس شعبے میں مفادات کے ٹکراؤ اور حکومتی پالیسیوں پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔ حکومت کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ چینی کی صنعت میں برآمد اور درآمد کے نام پر منافع خوری کا ایک ایسا سلسلہ جاری رہنے کی شکایات ہیں جس کا بوجھ بالآخر عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ پہلے چینی کی اضافی پیداوار کا جواز بنا کر برآمد اور سبسڈی کا مطالبہ کیا جاتا ہے، بعد ازاں قلت کا اعلان کرکے درآمد کی نوبت آ جاتی ہے۔ اس پورے نظام کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔
ترجمان مرکزی مسلم لیگ نے مطالبہ کیا کہ شوگر ملیں فوری طور پر کرشنگ سیزن شروع کریں، گنے کی خریداری تیز بنائی جائے اور کسانوں کو ان کی فصل کا مناسب معاوضہ دیا جائے۔ گنے کی بروقت خریداری نہ ہونے سے گندم کی آئندہ فصل کی کاشت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ حکومت کسانوں کے معاشی تحفظ اور زرعی پیداوار کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
مزید پڑھیں




