پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے،حافظ مسعود اظہر

پاکستان اسلامک کونسل کے چیئرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے قوم کے نام جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں حقیقی سیاسی، معاشی اور معاشرتی استحکام اسلامی نظام کے مکمل نفاذ اور سودی نظام معیشت کے خاتمے سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان جس نظریے اور مقصد کے تحت معرض وجود میں آیا تھا، اس کی تکمیل اسلامی تعلیمات کے عملی نفاذ میں مضمر ہے۔ ملک کو درپیش معاشی بحرانوں، سیاسی بے یقینی اور معاشرتی مسائل سے نجات حاصل کرنے کے لیے قرآن و سنت کی رہنمائی کو قومی پالیسیوں کی بنیاد بنانا ہوگا۔ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی ریاست ہے اس کی بنیاد کلمہ طیبہ پر رکھی گئی تھی۔ قیام پاکستان کے وقت برصغیر کے مسلمانوں نے ایک ایسی آزاد ریاست کا خواب دیکھا تھا جہاں وہ اسلامی اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ بدقسمتی سے کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود اسلامی نظام کے عملی نفاذ کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہو سکا۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سود ایک ایسا معاشی استحصالی نظام ہے جسے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ نے واضح طور پر حرام قرار دیا ہے۔اج ہمارا ملک آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک جیسےعالمی سودی اداروں کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے جس کے باعث قومی وسائل کا بڑا حصہ قرضوں اور ان کے سود کی ادائیگی پر خرچ ہو رہا ہے۔ سودی نظام کے خاتمے اور آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کئے بغیر معاشی خودمختاری کا حصول ممکن نہیں ۔حکومت کو چاہیے کہ سود کے خاتمے کے لیے عملی، مؤثر اور قابل عمل اقدامات کرے، اسلامی بینکاری کو فروغ دے اور ملکی معیشت کو حقیقی اسلامی اصولوں پر استوار کرنے کے لیے واضح حکمت عملی اختیار کرے۔ملک میں نت نئے تجربات کرنے کی بجائے سیاسی استحکام کے لیے قومی اداروں کا آئینی دائرے میں رہتے ہوئے کردار، قانون کی بالادستی، میرٹ، شفافیت اور عوامی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ قومی قیادت کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔ اس لئے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ اسلامی نظام کے نفاذ، سود سے پاک معیشت اور عدل و انصاف پر مبنی حکمرانی سے ہو کر گزرتا ہے۔
مزید پڑھیں




