امید کی کرن،سلطانی فاؤنڈیشن ملتان خورد،تحریر :ڈاکٹر حافظ مدثر اقبال ٹمن

بچوں کی صلاحیتوں کو پہچاننے، نکھارنے اور انہیں روشن مستقبل کی راہ دکھانے کا ایک قابلِ تحسین سفر
کسی بھی معاشرے کا روشن مستقبل اس کے بچوں کی آنکھوں میں پلنے والے خوابوں، ان کے ذہنوں میں جنم لینے والے خیالات اور ان کی شخصیت میں پوشیدہ صلاحیتوں سے وابستہ ہوتا ہے۔ بچے محض قوم کا مستقبل ہی نہیں بلکہ اس کا سب سے قیمتی سرمایہ بھی ہوتے ہیں۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو پہچانا جائے، انہیں مناسب رہنمائی فراہم کی جائے اور اپنی قابلیت کے اظہار کے لیے ایسے مواقع مہیا کیے جائیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ اسی فکر اور جذبے کی ایک خوب صورت عملی تصویر" سلطانی فاؤنڈیشن ملتان خورد" کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی ایک شاندار تقریب کی صورت میں دیکھنے کو ملی۔یہ تقریب محض حسنِ قرأت، حسنِ نعت اور تقریری مقابلوں کا مجموعہ نہیں تھی بلکہ علاقے کے بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو دریافت کرنے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے ،تعلیمی و تربیتی اداروں ، تمام مسالک و مکاتب فکرکو بلا تفریق ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی ایک قابلِ قدر کاوش تھی۔ اس پروگرام میں مقامی علمائے کرام( صابر ایوب نقشبندی،علامہ ظفر عباس مقصودی، قاری تجمل ) معززین، سیاسی و سماجی شخصیات ( سردار منصور حیات ٹمن ،سردار فیض ٹمن،ڈاکٹر سردار شہروز ٹمن)اور عوام کی بڑی تعداد کے علاوہ مختلف مدارس( مدرسہ نور القرآن حسینیہ مقصودیہ ملتان خورد،جامعہ امام بخاریؒ ملتان خورد،جامعہ مسجد علی ملتان خورد،دار العلوم محمدیہ غوثیہ مقصودیہ ٹمن،المصطفیٰ اسلامک سنٹر تلہ گنگ،جامعہ صدیقیہ دارالقرآن تلہ گنگ،جامعہ رحمانیہ نوریہ تلہ گنگ،جامعہ مسجد عمر تلہ گنگ) اسکولوں( نوبل وزڈم ایجوکیشن سکول سسٹم ملتان خورد،اسکالر سکول کوٹیڑہ،فاطمہ ایجوکیٹر سسٹم جبی و ملتان خورد،منہاج القرآن پبلک سکول ملتان خورد، اور کالجوں (ائیر مارشل نور کان کالج ٹمن، اسپیریئر گروپ آف کالج تلہ گنگ)کے سو سے زائد طلبہ و طالبات نے مقابلہ جات میں شرکت کی۔ ہر مقابلے میں بچوں نے بھرپور تیاری، محنت اور اعتماد کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ کسی نے اپنی خوب صورت آواز سے سامعین کے دل موہ لیے، کسی نے نعتِ رسول مقبول ﷺ کے ذریعے عقیدت کے پھول نچھاور کیے اور کسی نے اپنی فکر انگیز تقریر سے حاضرین کو متاثر کیا۔اس تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں میں المصطفیٰ اسلامک سینٹر تلہ گنگ، مدرسہ نور القرآن حسینیہ مقصودیہ ملتان خورد، جامعہ صدیقیہ تجوید القرآن تلہ گنگ، ایئر مارشل نور خان کالج ٹمن، منہاج القرآن پبلک اسکول ملتان خورد، الفلاح پبلک اسکول ملتان خورد اور جامعہ عائشہ للبنات ملتان خورد سمیت دیگر تعلیمی ادارے شامل رہے۔ ان اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور والدین بھی مبارک باد کے مستحق ہیں، جنہوں نے بچوں کی تیاری، تربیت اور شرکت میں اپنا کردار ادا کیا۔اس پروگرام کے ذریعے "سلطانی فاؤنڈیشن " نے جس اہم معاشرتی شعور اجاگر کیا وہ یہ کہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کمی ہے تو ایسے پلیٹ فارمز کی جو اس ٹیلنٹ کو تلاش کریں، اسے نکھاریں اور اس کی مناسب قدر افزائی کریں۔ بسا اوقات ایک باصلاحیت بچہ وسائل کی کمی، اعتماد کے فقدان یا مواقع نہ ملنے کی وجہ سے اپنی صلاحیتوں کو اپنے اندر ہی محدود رکھتا ہے۔ ایسے میں ایک مثبت اور حوصلہ افزا ماحول اس کی زندگی کا رخ تبدیل کر سکتا ہے۔اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر سب سے زیادہ مبارک باد کے مستحق "سلطانی فاؤنڈیشن "کے صدر محترم وقاص حیدر سلطانی ،جنرل سیکرٹری محترم بلال طاہر، محترم عبد الرزاق انصاری ،برادرم روزی خان جنہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے شب و روز محنت کی۔کسی اجتماعی پروگرام کی کامیابی محض اسٹیج کی سجاوٹ، مہمانوں کی آمد یا انعامات کی تقسیم سے عبارت نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے ایک منظم سوچ، مسلسل جدوجہد، وقت کی قربانی اور بے شمار افراد کی خاموش محنت شامل ہوتی ہے۔ یقیناً ان دونوں ذمہ داران اور ان کی پوری ٹیم نے اپنی ذمہ داریوں کو جس خلوص، سنجیدگی اور محنت سے نبھایا، وہ قابلِ تحسین ہے۔
مزید پڑھیں



