پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

زندگی ، آخر کیا ہے یہ زندگی؟ تحریر:عیشہ محمود

نقطہ نظر


ماضی؟ حال؟ یا مستقبل؟


اگر زندگی ماضی کا نام ہے تو ماضی اپنے اندر بے شمار تلخ یادیں، ادھورے خواب، بچھڑے ہوئے لوگ، ٹوٹتی امیدیں اور ایسے زخم سمیٹے ہوئے ہے جن کی کسک وقت گزرنے کے باوجود کم نہیں ہوتی ۔ ماضی کو بار بار یاد کرنا اور گزرے ہوئے لمحوں کی اذیت کو اپنے حال پر مسلط کیے رکھنا خود کو ایک ایسے کرب میں مبتلا رکھنے کے مترادف ہے جس سے نکلنے کا راستہ ہمارے اپنے اختیار میں ہوتا ہے ۔ لیکن ہم اس راستے کے سب دروازے خود پر بند کر لیتے ہیں ۔


اگر زندگی حال کا نام ہے تو کبھی یہ اداسی ہے کبھی تنہائی کبھی محرومی اور کبھی ایسے حالات جنہیں بدلنے کی خواہش تو ہمیں ہوتی ہے مگر انہیں بدلنے کی طاقت ہمارے پاس نہیں ہوتی ۔


اور اگر زندگی مستقبل کا نام ہے تو یہ بے شمار اندیشوں، خدشات، امیدوں اور پریشانیوں کا مجموعہ ہے ۔ ایک ایسا مستقبل جس کے بارے میں ہم کچھ بھی یقین سے نہیں کہہ سکتے نہ معلوم آنے والا کل ہمارے لیے کیا لے کر آئے گا کون ہمارے ساتھ ہوگا کون بچھڑ جائے گا اور ہماری زندگی کس موڑ پر جا پہنچے گی یہ سب ہمیں پریشان کیے رکھتا ہے ۔


تو پھر سوال یہ ہے کہ زندگی کی اصل تعریف کیا ہے؟


شاید زندگی کی اصل تعریف ان سب سے مختلف ہے ۔


زندگی دراصل حال کا وہ مختصر سا لمحہ ہے جس میں ہم ماضی کے دکھوں کو وقتی طور پر بھلا کر مستقبل کی فکروں کو ایک طرف رکھ کر اور اپنے اردگرد موجود نعمتوں کو محسوس کرنا ہے ۔ جب ہم بے وجہ مسکراتے ہیں اپنوں کے ساتھ چند لمحے گزارتے ہیں یا کسی چھوٹی سی خوشی پر دل سے خوش ہوتے ہیں اور زندگی کو اس کی تمام تر خوب صورتی کے ساتھ قبول کرتے ہیں تو شاید وہی حقیقی زندگی ہوتی ہے ۔


پتہ ہے ہم اکثر اپنی زندگی کے ساتھ ایک عجیب ناانصافی کرتے ہیں کبھی گزرے ہوئے کل کا بوجھ اپنے آج پر لاد لیتے ہیں اور کبھی آنے والے کل کی فکر میں آج کو بھی بے سکون کر دیتے ہیں ۔


وہ کل جو گزر چکا ہے اس کی تلخیوں اور وحشتوں کو اپنے وجود پر اس قدر طاری کر لیتے ہیں کہ آج کی خوشیاں بھی ہمیں خوشی اور سکون نہیں دے پاتیں اور وہ کل جو ابھی آیا ہی نہیں جس کے بارے میں ہمیں یہ تک معلوم نہیں کہ ہم اس کا حصہ بھی ہوں گے یا نہیں اس سب پریشانیوں کو اپنے دل میں اس قدر جگہ دے دیتے ہیں کہ حال کی مسرتیں بھی ہمارے دل تک پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ دیتی ہیں ۔


آخر کیوں؟


کیوں ہم اپنی خوشیوں کی راہ میں خود ہی رکاوٹ بن جاتے ہیں؟ کیوں ہم ان لمحوں کو محسوس نہیں کرتے جو قدرت نے ہمیں عطا کیے ہیں؟ کیوں ہماری سوچ ہمیشہ یا تو گزرے ہوئے وقت کے گرد گھومتی رہتی ہے یا آنے والے وقت کے اندیشوں میں الجھی رہتی ہے؟


ہم یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ زندگی ہمیشہ ہمارے منصوبوں کے مطابق نہیں چلتی ہر خواہش پوری نہیں ہوتی ہر خواب حقیقت کا روپ نہیں دھارتا ہر اپنا ہمیشہ ساتھ نہیں رہتا اور ہر آنے والا دن ہماری توقعات کے مطابق نہیں ہوتا لیکن اس سب کے باوجود زندگی خوب صورت ہو سکتی ہے بشرطیکہ ہم اسے محسوس کرنا سیکھ لیں ۔


یاد رکھیے !

ماضی سے سبق حاصل کرنا ضروری ہے مگر اس کی قید میں زندگی گزارنا ضروری نہیں۔

مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کرنا اچھی بات ہے مگر اس کے خوف میں اپنا آج برباد کر دینا عقل مندی نہیں ۔


جو گزر گیا اسے گزر جانے دیجیے جو آنے والا ہے اسے اپنے وقت پر آنے دیجیے ۔ ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ یہی لمحہ ہے یہی سانسیں ہیں یہی لوگ ہیں اور یہی چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہیں جنہیں ہم اکثر بڑی خوشیوں کے انتظار میں نظر انداز کر دیتے ہیں ۔


کبھی اپنے گھر والوں کے ساتھ بیٹھ کر ہنس لیجیے کبھی کسی دوست سے بے مقصد باتیں کر لیجیے کبھی بارش کی بوندوں کو محسوس کیجیے تو کبھی آسمان کو دیکھ کر مسکرا دیجیے اور کبھی خود کو بھی اتنی اہمیت دیجیے کہ اس مصروف زندگی میں اپنے لیے چند لمحے نکال سکیں ۔


کیونکہ خوشی ہمیشہ کسی بڑی کامیابی بڑی منزل یا کسی غیر معمولی واقعے کی محتاج نہیں ہوتی ۔کبھی کسی اپنے کی مسکراہٹ کسی بچے کی معصوم ہنسی چائے کا ایک پُرسکون کپ کسی کی محبت بھری بات یا تنہائی میں خود سے کی گئی ایک اچھی گفتگو بھی زندگی کو خوب صورت بنا دیتی ہے بس ساری بات سمجھنے کی ہے ۔


مجھے لگتا ہے زندگی صرف بڑے خوابوں کے پورا ہونے کا نام نہیں بلکہ ان چھوٹے چھوٹے لمحوں کو محسوس کرنے کا نام بھی ہے جو بظاہر معمولی ہوتے ہیں مگر درحقیقت ہماری زندگی کی سب سے قیمتی یادیں بن جاتے ہیں ۔


اس لیے خود پر رحم کیجیے اپنے دل کو ماضی کے بوجھ سے آزاد کیجیے مستقبل کی غیر یقینی صورتِ حال کو اپنی خوشیوں کا دشمن مت بنائیے۔

ہر وقت مضبوط رہنے کی کوشش میں خود کو تھکائیے مت کبھی دل چاہے تو مسکرا لیجیے کبھی اداس ہوں تو اپنے احساسات کو سمجھ لیجیے مگر اپنی اداسی کو اپنی پوری زندگی مت بنا لیجیے کیونکہ اداسی اگر ہمارے وجود پر بسیرا کر لے تو اس سے جان چھڑوانا نہایت مشکل کام ہے ۔


زندگی بہت مختصر ہے اسے ان چیزوں کی نذر مت کیجیے جو نہ آپ کے اختیار میں ہیں اور نہ جنہیں آپ بدل سکتے ہیں ۔ ماضی کو تجربہ بنائیے مستقبل کو امید بنائیے اور حال کو زندگی بنائیے کیونکہ زندگی نہ گزرے ہوئے کل میں ہے اور نہ آنے والے کل میں بلکہ زندگی تو اس لمحے میں ہے جو اس وقت آپ کے پاس ہے موجود ہے ۔


اس لیے میں صرف اتنا کہوں گی کہ چھوڑ دیجیے ماضی کو چھوڑ دیجیے مستقبل کی بے جا فکروں کو جئیں اس حال میں جو آپ کو میسر ہے جئیں ان چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو جو ہماری زندگی میں خوش کن رنگ بھرتی ہیں جئیں ان بے ساختہ مسکراہٹوں کو جو ہمارے چہروں کو روشن اور تازہ رکھتی ہیں جئیں ان خوب صورت لمحوں کو جو شاید دوبارہ کبھی لوٹ کر نہ آئیں ۔


اسی لیے اپنے حصے کی خوشیاں سمیٹ لیجیے اپنے وجود سے محبت کیجیے اپنے دل کو سکون دیجیے اور زندگی کو صرف گزارنے کی بجائے اسے محسوس کرنا سیکھیے کیونکہ " زندگی گزارنے نہیں جینے کا نام ہے ۔"