پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

استاد: قوم کا معمار یا تعلیمی اداروں کا بے اختیار ملازم؟ تحریر:انعم عباسی

نقطہ نظر
anam abbasi

ہمارے معاشرے میں استاد کو قوم کا معمار کہا جاتا ہے، مگر افسوس کہ یہ خوب صورت خطاب اب محض تقریروں، نصابی کتابوں اور یومِ اساتذہ کی مبارک بادوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ عملی زندگی میں استاد کی حیثیت کیا ہے، اس کا اندازہ کسی تعلیمی ادارے میں کام کرنے والے استاد کی تنخواہ، اس کی ذمہ داریوں اور اس کے ساتھ ہونے والے سلوک سے لگایا جا سکتا ہے۔

آج نجی تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو انتہائی کم تنخواہوں پر کام کرنے پر مجبور ہے۔

یہ کیسا انصاف ہے کہ ادارے کے حقوق تو باقاعدہ قانون اور ضابطے کے تحت محفوظ ہوں، مگر استاد کے حقوق محض زبانی ہمدردی کے محتاج رہیں؟

یہ میرا محض سنی سنائی باتوں پر مبنی مؤقف نہیں، بلکہ ذاتی مشاہدے اور تجربے کی بنیاد پر کہہ رہی ہوں کہ میں ایک ایسے تعلیمی ادارے سے وابستہ رہ چکی ہوں جہاں 2026ء میں بھی اساتذہ کی ماہانہ تنخواہ صرف چھ ہزار روپے ہے، لیکن ان سے توقعات اور رویہ ایسا رکھا جاتا ہے جیسے انہیں ساٹھ ستر ہزار روپے ماہانہ ادا کیے جا رہے ہوں۔ صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ڈیڑھ، دو بجے تک تدریسی ذمہ داریاں، بچوں کی کاپیاں، رجسٹر، امتحانی امور، والدین کی شکایات اور انتظامیہ کے لاتعداد احکامات؛ گویا استاد نہیں بلکہ ایک ایسا ملازم درکار ہے جس کی اپنی کوئی ذاتی زندگی، کوئی ضرورت اور کوئی عزتِ نفس نہ ہو۔


ستم ظریفی دیکھیے کہ اضافی وقت اور اضافی کام کا کوئی معاوضہ نہیں، لیکن چند منٹ کی تاخیر یا ایک دن کی چھٹی پر تنخواہ کاٹنے میں کوئی تاخیر نہیں کی جاتی۔ اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ بات یہ ہے کہ بعض اداروں میں اساتذہ کو بچوں کے سامنے ڈانٹنا، ان کی تذلیل کرنا اور ان کی پیشہ ورانہ عزت کو مجروح کرنا معمول سمجھا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ جو ادارہ اپنے استاد کو عزت نہیں دے سکتا، وہ بچوں کو احترام کا سبق کیسے پڑھائے گا؟


میں سمجھتی ہوں کہ نہ ادارہ استاد پر کوئی احسان کرتا ہے اور نہ استاد ادارے پر۔ استاد اپنی صلاحیت، وقت اور محنت کے سو فیصد استعمال کے بدلے تنخواہ لیتا ہے، جبکہ ادارہ اسی کی تدریسی خدمات کے ذریعے اپنی ساکھ اور تعلیمی نظام قائم رکھتا ہے۔ یہ ایک باہمی پیشہ ورانہ تعلق ہے، کوئی آقا اور غلام کا رشتہ نہیں۔


انتظامیہ کو یہ حقیقت بھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ اسکول کی عمارت، خوب صورت بورڈ اور تشہیری مہم اسے تعلیمی ادارہ نہیں بناتے، اصل شناخت اس کے اساتذہ ہوتے ہیں۔ ذرا تصور کیجیے کہ اگر تمام اساتذہ اپنی اہمیت اور اجتماعی قوت کو سمجھتے ہوئے یک زبان ہو جائیں اور اداروں میں کام کرنے سے انکار کر دیں تو کیا اسکول کی ساکھ برقرار رہ سکے گی؟ کیا ایک بھی کلاس استاد کے بغیر آباد رہ سکتی ہے؟

استاد کی خاموشی کو اس کی کمزوری اور معاشی مجبوری کو اس کی بے بسی سمجھ لینا انتظامیہ کی بہت بڑی غلط فہمی ہے۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ تعلیمی اداروں اور اساتذہ کے درمیان تعلق حکمرانی اور محکومی کے بجائے احترام، انصاف اور باہمی تعاون پر قائم ہو۔ استاد کو مناسب تنخواہ، مقررہ اوقاتِ کار، اضافی کام کا معاوضہ اور سب سے بڑھ کر عزت دی جائے۔ اسی طرح استاد بھی اپنی ذمہ داریوں کو پیشہ ورانہ دیانت داری سے نبھائے۔

یاد رکھیے! استاد ادارے کا محتاج نہیں، ادارہ بھی استاد کے بغیر ادھورا ہے۔ جس دن انتظامیہ نے اس حقیقت کو سمجھ لیا، شاید اسی دن ہمارے تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ انسانیت بھی پڑھائی جانے لگے گی۔

ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ کم تنخواہ پر کام کرنے والا استاد لازماً کم محنت کرنے والا نہیں ہوتا۔ ممکن ہے وہ اپنے گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اس ملازمت سے وابستہ ہو، ممکن ہے اس کے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہوں، ممکن ہے اس کے گھر میں کوئی بیمار ہو یا وہ اپنی ذاتی ضروریات کو پسِ پشت ڈال کر اپنے فرائض انجام دے رہا ہو۔ مگر ادارے کو اس کے حالات سے کوئی سروکار نہیں، اسے صرف اپنی کارکردگی، اپنے نتائج اور اپنی آمدنی سے غرض ہوتی ہے۔

تعلیم کے نام پر کاروبار کرنے والے اداروں کو یہ سوال ضرور اپنے سامنے رکھنا چاہیے کہ اگر وہ والدین سے بھاری فیسیں وصول کر سکتے ہیں، عمارتوں، تشہیر اور دیگر اخراجات پر رقم خرچ کر سکتے ہیں تو اپنے ادارے کی اصل قوت، یعنی استاد کی تنخواہ کے لیے مناسب بجٹ کیوں مختص نہیں کر سکتے؟


یہ تحریر تمام تعلیمی اداروں یا ان کی انتظامیہ کے خلاف نہیں۔ یقیناً ایسے ادارے اور سربراہان بھی موجود ہیں جو اپنے اساتذہ کو عزت دیتے ہیں، ان کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں اور انہیں اپنے ادارے کا قیمتی سرمایہ سمجھتے ہیں۔ لیکن جہاں اساتذہ کا استحصال ہو رہا ہے، وہاں خاموشی بھی ایک طرح سے اس استحصال کو تقویت دیتی ہے۔

حکومت، محکمۂ تعلیم اور متعلقہ اداروں کو نجی تعلیمی شعبے میں اساتذہ کی تنخواہوں، اوقاتِ کار، اضافی ذمہ داریوں اور عزتِ نفس کے تحفظ کے لیے مؤثر نگرانی اور قابلِ عمل ضابطوں کی ضرورت ہے۔ صرف تعلیمی ادارے کھول دینا یا شرحِ خواندگی کے اعداد و شمار پیش کرنا کافی نہیں، ان اداروں میں کام کرنے والے افراد کے حقوق کی حفاظت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔

آخر میں ایک سوال ان تمام لوگوں سے جو استاد کے مقام پر طویل تقریریں کرتے ہیں: کیا استاد صرف اس وقت قابلِ احترام ہے جب وہ ہمارے بچوں کو پڑھا رہا ہو؟ کیا اسکول کی حدود سے باہر نکلتے ہی اس کی عزت، اس کی محنت اور اس کے بنیادی انسانی حقوق کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے؟

یاد رکھیے، استاد کی بے توقیری دراصل علم کی بے توقیری ہے۔ جس معاشرے میں استاد اپنی عزت بچانے کے لیے پریشان ہو، وہاں آنے والی نسلوں میں احترام، کردار اور اخلاق کی بنیادیں کیسے مضبوط ہوں گی؟