پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حیدرآباد:بنیادی وسائل سے محرومی،شرجیل میمن کو دوبارہ ووٹ دینے کو دل نہیں چاہتا، شہری کا شکوہ


حیدرآباد کے ایک شہری نے علاقے میں صفائی اور بنیادی سہولیات کی ناقص صورتحال پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ان کا دل نہیں چاہتا کہ وہ دوبارہ شرجیل انعام میمن کو ووٹ دیں۔ شہری کے مطابق علاقے میں صفائی، گٹر بند ہونے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے رہائشیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کرنا پڑتے ہیں، جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر کارروائی نہیں کی جاتی۔

صفائی کا کام کرنے والے شہری نے بتایا کہ وہ نجی طور پر علاقے میں صفائی کرتا ہے اور کالونی کے رہائشیوں نے اسے اس مقصد کے لیے مقرر کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محلے کے لوگوں نے گٹر بند ہونے کا مسئلہ حل کرنے کے لیے بھی کہا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ صفائی سمیت دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے بھی علاقے کے رہائشی اپنی مدد آپ کے تحت کام کروانے پر مجبور ہیں۔

شہری نے مزید کہا کہ انہوں نے خود شرجیل انعام میمن کو ووٹ دیا تھا، لیکن اس کے باوجود علاقے کی گلیوں کی حالت انتہائی خراب ہے اور بنیادی مسائل جوں کے توں ہیں۔ ان کے مطابق انتظامیہ کے اہلکار علاقے میں آتے ہیں، برائے نام کام کرواتے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں، جس سے مسائل مستقل طور پر حل نہیں ہو پاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 40 سال سے اس علاقے میں رہائش پذیر ہیں، لیکن اس طویل عرصے کے دوران یہاں کوئی قابل ذکر ترقیاتی کام نہیں ہوئے۔ علاقے کی موجودہ صورتحال اور مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کے باعث اب ان کا دوبارہ شرجیل انعام میمن کو ووٹ دینے کا دل نہیں چاہتا۔