منگل، 24 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو آئینی حدود اور ملکی قوانین کا احترام کرنا چاہیے،عطاتارڑ


ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، پوسٹ ٹروتھ ایرا‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار وفاقی وزرا سیمت دیگر قومی بین الاقوامی شخصیات نے شرکت کی-


سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سوشل میڈیا الگورتھمز کو مخصوص بیانیے کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے ذریعے پھیلایا جانے والا جھوٹا بیانیہ قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے حکومت سوشل میڈیا کمپنیوں کے سا تھ بات چیت کے ذریعے قوانین اور پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے تیار ہے۔


انہوں نے کہا کہ ’ٹک ٹاک، ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک جیسے پلیٹ فارمز پر الگورتھمز کے ذریعے مخصوص بیانیے کو فروغ دینے کے خدشات موجود ہیں، جن سے نمٹنے کے لیےزیادہ مربوط اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، پاکستان کا آئین آزادیٔ اظہار کی ضما نت دیتا ہے، تاہم اس حق کے استعمال کے لیے کچھ حدود بھی مقرر کی گئی ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کوان آئینی حدود اور ملکی قوانین کا ا حترام کرنا چاہیے۔


انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوانین اور پالیسیوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے اسلام آباد اعلامیہ جاری کیا جا سکتا ہے اس مقصد کے لیےمشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے اور اسلا م آباد اعلامیہ اس حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔


عطا تارڑ نے کہا کہ  سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی پالیسیوں اور پاکستان کے مقامی قوانین میں ہم آہنگی ضروری ہے، کیونکہ سوشل میڈیا کمپنیو ں کے پالیسی اور قانونی شعبوں کے وضع کردہ ضوابط پاکستان کے قوانین سے مطابقت نہیں رکھتے سوشل میڈیا کمپنیوں اور حکومت کے در میان مؤثر رابطے اور تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے کمپنیوں کے ساتھ قوانین اور ضابطوں پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔


سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی تجویز پیش کی اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال، جھوٹی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام کے لیے قوانین مزید سخت کرنے پر زور دیا۔


انہوں نے کہا کہ  ہم آزادیٔ اظہار کے مخالف نہیں بلکہ حامی ہیں، تاہم آزادیٔ اظہار کے نام پر کسی کی زندگی اور ساکھ سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی دونوں طرح کے استعمال کو سمجھنے کی ضرورت ہے اس کے غلط استعمال کی روک تھا م صرف حکومت نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے فیک نیوز کے ذریعے لوگوں کے خلاف منفی تاثر اور پروپیگنڈا پیدا کیا جاتا ہے جب کسی کے پاس دلیل نہیں ہوتی تو وہ منفی پروپیگنڈے کا سہارا لیتا ہے-


شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں ایک بچے کے قتل کے واقعے کے بعد بعض سیاسی کارکنوں نے ایک گیسٹ ہاؤس سے متعلق جھوٹی خبر یں پھیلائیں، جس پر انہوں نے خود ایف آئی اے میں شکایت درج کرائی، دہشتگرد تنظیمیں بھی نوجوانوں کو ور غلانے اور اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی غرض سے سوشل میڈیا کا سہارا لے رہی ہیں،سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے والے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور مسلسل جھوٹا مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس بند کرنے کا اختیار حکومت کے پاس ہونا چاہیے، پاکستان میں شہریوں کو معلومات تک رسائی اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے قوانین موجود ہیں، جبکہ کئی ترقی یافتہ ممالک میں بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال پر پا بندیاں اور ضابطے نافذ ہیں۔


وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط اور جھوٹی خبریں پھیلانے کا چیلنج سنگین ہوتا جا رہا ہے، ایک فیک نیوز چند سیکنڈ میں دنیا بھر میں پھیل سکتی ہے اور اس سے کسی فرد کی عزت، وقار اور ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، فیک نیوز گولی کی مانند ہے جو ایک مرتبہ چل جائے تو واپس نہیں آتی۔


 وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ سوشل میڈیا کا موضوع ان کے دل کے قریب ہے، تاہم موجودہ دور میں قانون سازی، ضوابط اور پالیسیوں کے ذریعے سوشل میڈیا کے چیلنجز سے نمٹنا آسان نہیں، اس کے لیے انتہائی محتاط اور نپے تلے انداز میں اقدامات کرنا ہوں گے۔


اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور ان کے ساتھ نئے چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں دانستہ یا نادانستہ غلط اور جھوٹی معلومات کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ ہے،جس سے نمٹنے کے لیے قانون سازی اور مؤثر ریگو لیشن کے ساتھ اجتماعی رویوں میں تبدیلی بھی ناگزیر ہے۔


انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کی عزت، وقار اور ساکھ کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔ آزادی اظہار اور دوسروں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ آئین کے آرٹیکل 4 اور 19 میں بیان کردہ حقوق پاکستان کی سرزمین پر موجود ہر شخص کو حاصل ہیں، جبکہ آئین ہر فرد کے وقار اور نجی زندگی کے احترام کا بھی تقاضا کرتا ہے۔


وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے، تاہم سوشل میڈیا نے روایتی ضابطوں کو نئے چیلنج سے دوچار کر دیا ہے صحافتی دنیا میں بریکنگ نیوز کی دوڑ بھی جاری رہتی ہے، اس لیے خبر کی تصدیق اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت پہلے سے بڑھ گئی ہے۔


انہوں نے اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں ان کے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے یہ غلط خبر نشر کی گئی کہ ان کے اثاثے 32 ارب روپے ہیں، تاہم اگلے روز اس خبر کی وضاحت جاری کی گئی اس مثال سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ غلط معلومات کسی شخص کو کس طرح متاثر کر سکتی ہیں۔


اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی خبر کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کی تصدیق کرے, ڈس انفارمیشن کی روک تھام کے لیے آزادی اظہار اور غلط معلومات کے درمیان واضح فرق سمجھنا ضروری ہے، جبکہ ڈیجیٹل دنیا میں آزادی اظہار کے تحفظ کے ساتھ ذمہ داری اور جواب دہی کا توازن بھی برقرار رکھنا ہوگا۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان افغان جنگ اور دہشتگردی کے خلاف جنگ سے متاثر ہونے والا ملک ہے اور اس جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال وقت کی ضرورت ہے، موجودہ حالات میں مؤثر پالیسی سازی، مناسب چیک اینڈ بیلنس اور شہریوں میں ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔