بلوچستان: انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کیلئے 25 کروڑ روپے تک انعام کا اعلان

حکومت بلوچستان نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے لاکھوں اور کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ بعض مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں اطلاع دینے پر 25 کروڑ روپے تک انعام بھی مقرر کیا گیا ہے۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق حکومت نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے سروں پر 5 لاکھ روپے سے لے کر 25 کروڑ روپے تک انعام مقرر کیا ہے۔ اس سلسلے میں رحمان گل اور بشیر زیب کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے الگ الگ 25، 25 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔
بابر یوسفزئی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دہشتگردوں اور ان کی سرگرمیوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مستند معلومات متعلقہ اداروں کو فراہم کریں،اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی، جبکہ موصول ہونے والی مستند اور قابلِ عمل معلومات کی بنیاد پر فوری کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ انعامات کی ادائیگی حکومت بلوچستان کے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق عمل میں لائی جائے گی، معاون برائے داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا خاتمہ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوامی تعاون سے امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کو مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں





