وزیراعظم کا آئل کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈیڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ میں 24.4 ارب روپے کی ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آنے پر بلاامتیاز کارروائی اور قانونی طریقہ کار کے تحت ریکوری کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے ایف بی آر کے مختلف اقدامات اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ملک کے ہوائی اڈوں پر کسٹم کلیئرنس اور امیگریشن سمیت دیگر آپریشنز تیز کرنے اور تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے پاکستان کے بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے مسافروں کے سامان کو خودکار طریقے سے گرین اور ریڈ چینل میں بھیجا جا سکے گا۔
اجلاس کو جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر جاری کام سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کا مقصد سیلز ٹیکس گیپ اور اسمگلنگ پر قابو پانا ہے اس نظام کے تحت سامان کی ترسیل کو لوڈنگ سے ڈیلیوری تک ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا، جس میں ای بلٹی، رسک مینجمنٹ سسٹم، فیلڈ انفورسمنٹ اور اینالیٹکس ڈیش بورڈ شامل ہوں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے سندھ کے پلوں پر کام کرنے والے انفورسمنٹ یونٹ انڈس کلکٹریٹ نے ملک بھر میں کام شروع کر دیا ہے، جو اب تک 302 کارروائیوں کے دوران 1.85 ارب روپے مالیت کی غیر قانونی اشیا قبضے میں لے چکا ہے سیلز ٹیکس کی ریکوری بہتر بنانے کے لیے ملک کے 4 بڑے ٹیکس پیئر یونٹس کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان میں الگ سیلز ٹیکس زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو ایف بی آر کے آئی ٹی ونگ پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) میں ڈیٹا انٹیگریٹی کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ متعدد سافٹ ویئر سسٹمز میں اضافی سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کے حالیہ کراچی اور لاہور کے دوروں اور تاجروں و صنعت کاروں سے ملا قاتوں کے تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے,ایف بی آر کراچی کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں اپنا دفتر قائم کر رہا ہے تاکہ وہاں کے صنعت کاروں کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کی جا سکیں۔




