برطانیہ میں تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، 2 پائلٹ زخمی

لندن: برطانیہ کے علاقے ویلز میں رائل ایئر فورس (RAF) کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس زخمی ہوگئے۔ حادثہ ویلز کے علاقے اینگلیسی کے قریب پیش آیا، جہاں برطانوی فوجی تربیتی طیارہ پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا۔
حادثے کے وقت طیارے میں موجود دونوں پائلٹس نے ہنگامی صورتحال کے دوران طیارے سے ایجیکٹ کیا۔ نارتھ ویلز پولیس کے مطابق حادثے کے بعد دونوں پائلٹس کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پائلٹس کو آنے والی چوٹیں بظاہر معمولی نوعیت کی ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں علاقے میں کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ فی الحال بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان پہنچنے کی بھی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ رائل ایئر فورس کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آر اے ایف ویلی سے پرواز کرنے والے T2 Hawk تربیتی طیارے کو اینگلیسی کے قریب حادثہ پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
رائل ایئر فورس نے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک حادثے کے حوالے سے مزید تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
حادثے کے بعد متعلقہ اداروں نے علاقے کا جائزہ لیا اور واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ حکام کی جانب سے طیارے کے حادثے کی ممکنہ وجہ کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
دونوں زخمی پائلٹس کی حالت کے حوالے سے ابتدائی طور پر انہیں معمولی نوعیت کی چوٹیں آنے کی اطلاع دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں





