Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایک دن کیلئے پولیس افسر بنی تو زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دوں گی، زارا نور عباس

zara noor abbas

سندھ فلمز اور جیو فلمز کے اشتراک سے بننے والی فلم ’شیروز‘ تین کہانیوں کا مجموعہ ہے، جس میں تین مختلف خواتین کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ اس فلم کے ایک حصے ’گئیر اپ‘ میں زارا نور عباس مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، جس کے ہدایت کار ثاقب خان ہیں۔

سات سال بعد بڑے پردے پر واپس آنے والی اداکارہ زارا نور عباس فلم کے حوالے سے کافی پرامید ہیں اور ان دنوں ’شیروز‘ کی پروموشنز میں مصروف ہیں۔

جیو ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں اداکارہ نے اپنے کردار کے بارے میں بتایا کہ ان کے کردار کا نام بھی سائرہ ہے۔ زارا نے کہا کہ وہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے میں ایک ایسی افسر کا کردار ادا کررہی ہیں جس کی صلاحیتوں کو خاتون ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیا جاتا ہے۔

اپنے کردار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’’مجھے پتا چلتا ہے کہ ایک بم ہے جو کہیں رکھا گیا ہے، مجھے نہ صرف اس بم کو ڈسپوز کرنا ہے بلکہ اپنے آپ کو ثابت بھی کرنا ہے کہ میں یہ کرسکتی ہوں۔‘‘

اداکارہ سے جیو ڈیجیٹل نے سوال کیا کہ اگر انہیں ایک دن کے لیے پولیس افسر بنادیا جائے تو کیا کریں گی؟ اداکارہ نے جواب میں کہا کہ ’’اگر مجھے موقع ملا تو خواتین و بچوں کے ساتھ زیادتی کے جتنے بھی کیسز ہیں، ان تمام مجرموں کو پھانسی پر لٹکا دوں گی، میں نہیں دیکھوں گی کہ قانون کیا کہتا ہے، جو بھی ملوث ہوگا اسے پھانسی دے دوں گی!‘‘

ایک اور سوال پر کہ پولیس افسر بنیں تو کس سلیبرٹی کو گرفتار کریں گی؟ اداکارہ نے جواب دیا کہ ’’اگر گرفتار کرنا پڑے تو اپنے شوہر اسد صدیقی کو گرفتار کروں گی، ابھی تو وہ خوشی سے ساتھ رہ رہے ہیں مگر غصے میں بھی اسد ہی کو گرفتار کروں گی۔‘‘ اداکارہ سے پوچھا گیا کہ تفتیشی کمرے میں کس شخصیت کو بٹھائیں گی؟ جس پر زارا نور عباس نے اداکار فہد مصطفیٰ کا نام لیتے ہوئے کہا کہ یقیناً میں فہد مصطفیٰ کو بٹھاؤں گی۔

تماشہ فلمز کی پیشکش اینتھالوجی فلم ’شیروز‘ 2 اکتوبر کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جس کے ایک حصے ’پنچ‘ میں اداکارہ اشنا شاہ جبکہ دوسرے حصے ’آرٹسٹ‘ میں اداکارہ کنزہ ہاشمی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔

رسائی کے اختیارات

Size: NORMAL