اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے خط لکھے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے معاملے پر اجلاس آج طلب کرلیا۔

باغی ٹی وی:دی نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں ممبران اور سیکرٹری الیکشن کمیشن شریک ہوں گے،اجلاس میں صدر مملکت کے دعوت نامے اور الیکشن کی تاریخ سے متعلق آئینی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا کیونکہ الیکشن کمیشن قانوناً صدر مملکت سے مشاورت کا پابند نہیں،اس معاملے پر قانون واضح ہے، صدر نے اس مقصد کیلئے آئین کی غلط شق کا حوالہ دیا ہے،صدر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو آئین کے آرٹیکل 48 (5)کا حوالہ دیتے ہوئے دعوت دی ہے۔

عام انتخابات کی تاریخ کے تعین کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ شاید صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی خواہش کے مطابق اُن سے ملاقات نہ کریں کیونکہ انتخابات کی تاریخ کا معاملہ قانون میں حالیہ ترمیم کے بعد خالصتاً الیکشن کمیشن آف پاکستان کا استحقاق ہے۔

توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کی اپیل پر سماعت آج ہو گی

آئین کا آرٹیکل 48 (5) کے متعلقہ حصے کے مطابق جب کہ صدر مملکت قومی اسمبلی تحلیل کرے، شق (الف) میں شامل کسی امر کے باوجود، وہ اسمبلی کے لئے عام انتخابات منعقد کرانے کیلئے کوئی تاریخ مقرر کرے گا جو تحلیل کیے جانے کی تاریخ سے 90 دن سے زیادہ نہیں ہوگی۔

اس معاملے میں دیکھا جائے تو قومی اسمبلی صدر مملکت نے نہیں بلکہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر مدت مکمل ہونے کے بعد تحلیل کی گئی صدر صرف 58(2) کے تحت اختیار استعمال کرتے ہوئے اس وقت اسمبلی تحلیل کر سکتے ہیں جب وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک منظور ہو جائے اور کسی رکن کے پاس ایوان میں اکثریت نہ ہو۔

ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے 10 اگست کو صدر پاکستان کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری ارسال کی تھی جس پر صدر عارف علوی نے اسی روز دستخط کرتے ہوئے اسمبلی تحلیل کر دی تھی وزیراعظم نے 12 اگست کو مدت پوری ہونے سے قبل قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری دستخط کرکے صدر کو منظوری کیلئے بھیجی تھی۔ ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی توڑ دی، انہوں نے اسمبلی آئین کے آرٹیکل 58 (1)کے تحت تحلیل کی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آج سے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا آغاز کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام ایف کے وفود سے ملاقات کرے گا اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو ملاقات کے لئے دعوت نامے بھجوا دیے ہیں، پی ٹی آئی کا وفد سہ پہر 2 بجے اور جے یو آئی کا وفد 3 بجے کمیشن سے مشاورت کرے گا۔

غریب بچے اچانک خوشی سے جھوم اٹھے، جب ایک ٹوٹا کھلونا کباڑ سے نکلا

جے یو آئی (ف) ترجمان کے مطابق ملک میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے پارٹی وفد آج 3 بجے الیکشن کمیشن سے ملاقات کرے گا سیکرٹری الیکشن کمیشن کی طرف سے ملاقات کی دعوت موصول ہوئی تھی وفد کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کریں گے جبکہ وفد میں سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ، جلال الدین ایڈووکیٹ اور مولانا عطاء الحق درویش و دیگر شامل ہوں گے الیکشن کمیشن کے ساتھ ملاقات میں آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مشاورت ہو گی۔

Shares: