او آئی سی کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں ڈومیسائل قوانین کو مسترد کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ صد رآزاد کشمیر
مظفرآباد: او آئی سی کی طرف سے ڈومیسائل قوانین کو مسترد کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ صد رآزاد کشمیر ،اطلاعات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کی مذمت کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک طویل عرصے سے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قرار دادوں کو حقارت سے ٹھکراتا آیا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری خاص طور پر اسلامی دنیابھارت کے ساتھ اپنی سفارتی اور اقتصادی تعلقات پر نظر ثانی کرے اور بھارت کو یہ پیغام دے کہ کشمیر اور بھارت کے مسلمان شہریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کو اب مذید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل انسانی حقو ق کے کمیشن کی طرف سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق نئے ڈومیسائل قوانین کو مسترد کرنے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے ان قوانین کو مسترد کرنے کا فیصلہ کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقیقی جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بی جے پی کی حکومت ہندو توا نظریہ کو آگے بڑھانے کے لیے اور کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کا منصوبہ لے کر آئے ہیں جس کا مقصد بالکل واضح ہے۔
صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے ڈومیسائل قوانین کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی ہندووں کو آباد کر کے اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اور کشمیریوں کا یہ مصمم ارادہ اور عزم ہے کہ وہ بھارت کے ان نا پاک منصوبوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اس وقت جب پوری دنیا کرونا وائرس کی وبا سے لڑنے میں مصروف ہے بھارت اس موقع سے فائدہ اُٹھا کر کشمیریوں کی نسل کشی میں اور قوانین تبدیل کر کے کشمیریوں پر اپنے نا جائز اور غیر قانونی قبضہ کو دوام بخشنے کی کوشش میں مصروف ہے جو ایک شرمنا ک عمل ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں اُنہیں عسکریت پسند قرار دے کر شہید کیا جا رہا ہے۔ صدر سردار مسعود خا ن نواکدل سرینگر میں بھارتی قابض فوج کے ساتھ دلیرانہ مقابلہ کرتے ہوئے شہادت پانے والے جنید صحرائی اور اُن کے ساتھی طارق احمد کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید جنید صحرائی اور لاکھوں شہداء کا خون رائیگان نہیں جائے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ کشمیر کے لاکھوں شہیدوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں مسئلہ کشمیر اس وقت پوری دنیا میں اُجاگر ہو رہا ہے۔ اور انشاء اللہ وہ قت دور نہیں جب ان قربانیوں کے صدقے بھارت کو کشمیر چھوڑ کر جانا ہو گا اور کشمیریوں کو آزادی دینی ہو گی۔ صدر آزاد کشمیر نے آزاد ی و حریت کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے والے جنید صحرائی کے والدین اور عزیز و اقارب سے بھی اس عظیم نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔