اسلام آباد:بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف ایل پی جی ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ چیئرمین عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر تک قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
ایل پی جی کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، جس پر ایل پی جی ایسوسی ایشن نے کی ملک گیر ہڑتال کی دھمکی دیتے ہوئے حکومت کو 10 ستمبر تک قیمتیں کنٹرول کرنے کا الٹی میٹم دیدیا۔
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ 10 ستمبر تک قیمتوں کو کنٹرول نہ کیا گیا تو ملک گیر ہڑتال کریں گے، اوگرا نے قیمت 212 روپے مقرر کی لیکن فروخت 280 روپے میں ہورہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گھریلو سیلنڈر کی قیمت 2496 مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں 3300 میں فروخت ہو رہا ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں گیس کی قیمت 270 سے 300 روپے فی کلو وصول کی جارہی ہے۔
دوسری طرف ملک بھر میں مہنگائی کی شرح انتہائی بلند سطح 44 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی،ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 83 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 23 اشیائے ضروریہ قیمتیں بڑھیں۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 47 روپے 42 پیسے بڑھ گئی، فی کلو ٹماٹر 110 رو پے کی اوسط قیمت سے 157 روپے تک پہنچ گئے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 35 روپے 6 پیسے کا اضافہ ہوا، آلو کی فی کلو قیمت 3 روپے 88 پیسے بڑھ گئی، انڈوں کی قیمتوں میں فی درجن 7 روپے 25 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 51 روپے 2 پیسے مہنگا ہوا، بچوں کے خشک دودھ کا 390 ملی گرام کا پیکٹ 8 روپے 57 پیسے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق برائلر مرغی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 48 پیسے کا اضافہ ہوا، گندم کا 20 کلو آٹے کا تھیلا 7 روپے تک مہنگا ہوا، دال مونگ، ماش، جلانے کی لکڑی بھی مہنگی ہوئی، ایک ہفتے کے دوران صرف 7 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے دال مسور کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 91 پیسے کی کمی ہوئی، ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں 5 روپے 52 پیسے، چینی، کیلے، ڈالڈہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی جبکہ حالیہ ہفتے تازہ دودھ اور دہی سمیت 21 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
پاک فوج نے فلڈ ریلیف ہیلپ لائن قائم کر دی،
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کانجو اور سوات کا دورہ کیا
وزیراعظم شہباز شریف نے چارسدہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا
متحدہ عرب امارات کے حکام کا آرمی چیف سے رابطہ،سیلاب زدگان کیلیے امداد بھجوانے کا اعلان
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کی ملاقات








