فیصل آباد۔ (اے پی پی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم مہنگائی پر فوری قابو پا کر عوام کے مسائل کے حل اور ملکی معیشت کو جلد از جلد ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں جبکہ انہوں نے قومی معیشت پر طاری جمود ختم کرنے کیلئے بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر ہمدردانہ غور کا بھی یقین دلایا ہے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ انہوں نے گزشتہ روز چیمبر کے سبکدوش ہونے والے صدر سید ضیاء علمدار حسین اور آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد نواز کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات کی، وزیر اعظم نے انتہائی توجہ کے ساتھ تاجروں کے مسائل حل کرنے کی تجاویز کو سنا اور بتایا کہ وہ ملکی معیشت کو جلد از جلد ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنا چاہتے ہیں تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے بتایاکہ انہوں نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ فیصل آباد کا روزگار مہیا کرنے والا پاور لوم سیکٹر پہلے ہی تباہی کے دھانے پر کھڑا تھا جبکہ سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور شناختی کارڈ کی لازمی شرط نے ٹیکسٹائل پروسیسنگ کے اس اہم ویلیو ایڈڈ سیکٹر کی مکمل بندش کی راہ ہموار کر دی ہے۔ اس لئے جب تک ٹیکسٹائل کی پوری چین رجسٹر ڈ نہیں ہوتی اس وقت تک ان پابندیوں کو کم از کم ایک سال کیلئے مؤخر کیا جائے۔ رانا محمد سکندر اعظم خاں نے مزید بتایا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے مثبت نتائج نکلنے کی بجائے ترقی کی شرح مزید کم ہو گئی ہے لہٰذا حکومت اور تاجر نمائندوں کو مل بیٹھ کر ایسی حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی جس کے نتیجہ میں صنعتی اور کاروباری شعبہ کو درپیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ کاروباری مندے اور مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید کم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے صنعتی کاروباری اورتجارتی سرگرمیوں پر جمود طاری ہے۔ چوہدری محمد نواز نے پاورلومز کو ٹیکسٹائل سیکٹر کی ریڑھ کی ہڈی قرار د یتے ہوئے کہا کہ مسلسل مندی کی وجہ سے مالکان پاور لومز کو لوہے کے ریٹ پر بیچ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اُن کے مسائل کو انتہائی توجہ سے سنا اور کہا کہ حکومت ٹھوس بنیادوں پر ملکی معیشت کی ترقی کی خواہاں ہے اور اس سلسلہ میں ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ تاجر راہنما حکومتی معاشی ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کریں تاکہ کوئی درمیانی راستہ نکالا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں وہ بزنس کمیونٹی کی تجاویز پر ہمدردانہ غور کریں گے۔

- Home
- پاکستان
- فیصل آباد
- وزیر اعظم نے بزنس کمیونٹی سے کونسا وعدہ کیا ہے، صدر فیصل آباد چیمبر نے بتادیا
وزیر اعظم نے بزنس کمیونٹی سے کونسا وعدہ کیا ہے، صدر فیصل آباد چیمبر نے بتادیا

Regional News6 سال قبل