نئی دہلی: نئی دہلی:7 مارچ تک سکول بند، امتحانات ملتوی، صورتحال بدستورکشیدہ ،اطلاعات کے مطابق انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں صورتحال معمول پر نہ آسکی ، فسادات کے مد نظر شمال مشرقی دہلی علاقہ کے سبھی سرکاری اور پرائیویٹ سکولز 7 مارچ تک بند اورسالانہ امتحانات کو بھی ملتوی کردیا گیا جبکہ ہندو انتہا پسندوں نے کشیدگی کو بڑھاوا دینے کیلئے شاہین باغ میں جاری دھرنے کو ختم کرنے کیلئے اپنے حمایتیوں کو آج بلا لیا ہے ۔

ہندو سینا کے گروپ صدر وشنو گپتا نے کہا ہے کہ آج دہلی میں شاہین باغ پر جاری دھرنے کو بزور طاقت ختم کرائیں گے ۔دریں اثناء قانونی مشیر سکھ فارس جسٹس نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی افسوسناک ہے ، مودی سرکار 20 کروڑ مسلمان بھائیوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے ۔مسلمانوں کو اترپردیش اور آسام سمیت ایک نئی ریاست کے قیام کی جدوجہد کرنی چاہیے سکھ برادری نے 1984ء کے قتل عام سے سبق سیکھ لیا ہے ۔قبل ازیں کجریوال حکومت نے بے گھر افرادکیلئے 9پناہ گاہیں قائم کردی ہیں ۔ابتدائی طورپر بے گھر افرادکو 25 ہزار روپے امدادی رقم دی جائیگی۔

علاوہ ازیں سپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے حالیہ فسادات کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس سلسلے میں 148مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ630افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ادھر دہلی فسادات کے دوران ایک بھارتی بچے نے مودی سرکار کے خلاف نکلنے والی ریلی میں نریندر مودی مْردہ باد کے نعرے لگا دئیے اور کہاہے کہ بھارت کے پاس اگر لال قلعہ اور تاج محل نہ ہوتا تو کیا بھارت دنیا کو گائے کا گوبر دکھاتا؟وائرل ویڈیو میں بچہ مودی سرکار کے مسلم مخالف اقدامات پر شدید برہم ہے ۔

بچے نے اپنی تقریر کا آغاز اِس سوال سے کیاکہ اگر نہ ہوتا تاج محل، لال قلعہ تو دْنیا کو کیا گائے اور گوبر دکھاتے تْم؟ بچے کے اِس سوال پر وہاں موجود تمام لوگوں نے بچے کی حوصلہ افزائی کے لئے خوب تالیاں بجائیں۔بچے نے اپنی تقریر میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی نظم ترانہ ملی کا شعر پڑھاکہ توحید کی امانت دلوں میں ہے ہمارے ،آساں نہیں مٹانا نام و نشاں ہمارا،بھارتی بچے نے شاعر مشرق کا ایک اور شعر پڑھتے ہوئے کہاکہ آج بھی ہو جو ابراہیم کا ایمان پیدا،آگ کرسکتی ہے انداز گلستان پیدا،یہ اشعار پڑھنے کے بعد بچے نے انقلاب زندہ باد اور نریندر مودی مْردہ باد کے نعرے لگائے ۔

ادھرسلم پڑوسیوں نے ہندو دلہن کی شادی بچالی۔دریں اثنا دہلی کے سب سے مصروف مانے جانے والے راجیو چوک میٹرو سٹیشن پر ’ ملک کے غداروں کو، گولی ماروکے نعرے لگانے والے 6افرادکو گرفتارکرلیا گیا۔دوسری طرف بنگلہ دیش میں نئی دہلی میں ہونے والے مسلم کش فسادات کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔مظاہرین نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے دورہ بھارت منسوخ کرنے کا مطالبہ کر دیا اور مودی مخالف نعرے لگائے اور مودی کے پتلے نذرآتش کئے ۔ادھر انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے بھارتی شہر دہلی میں مسلم کش فسادات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔وزارت خارجہ نے دارالحکومت جکارتہ میں بھارتی سفیر کو طلب کرکے دہلی میں مسلمانوں کی جان و املاک پر حملوں کے بارے میں استفسار کیا۔

Shares: