پی ایس ایل کے لیے کھلاڑی کراچی آنا شروع
باغی ٹی وی : نئے پی ایس ایل کیلئے ملکی کھلاڑیوں کی آمد شروع ہو گئی ، اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان اور فاسٹ بولر موسی خان کراچی پہنچ گئے۔
پی ایس ایل 20فروری سے کراچی میں شروع ہوگا جس کے لیے ٹیموں نے کراچی کا رخ کرنا شروع کردیا ہے ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان اور فاسٹ بولر موسیٰ خان کراچی پہنچ گئے ہیں جبکہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جمعرات سے شروع ہوگا۔
ایونٹ میں شریک ٹیمیں اسکواڈ مکمل ہونے کےبعد کوویڈ 19ٹیسٹ کرائیں گی، رپورٹ کلیئر آنے پر کھلاڑی اور آفیشلز گراؤنڈ کا رخ کریں گے۔پی ایس ایل کیلئے ٹیموں کا باقاعدہ ٹریننگ سیشن 15فروری سے شروع ہوگا۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے معروف ای ٹکٹنگ کمپنی bookme.pk کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کا آفیشل ٹکٹنگ پارٹنر مقرر کردیا ہے۔ایونٹ 20 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔
این سی او سی کی اجازت کے بعد لیگ کےچھٹے ایڈیشن میں 20 فیصد تماشائیوں کو شرکت کی اجازت ہے۔کرکٹ فینز ان میچز میں شرکت کے لیے اپنی ٹکٹیں بک می ڈاٹ پی کے سے خرید سکیں گے۔
بک می ڈاٹ پی کے میں روپے کی منتقلی جاز کیش یا ایزی پیسہ سے کی جاسکے گی۔