پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے عمل میں شامل نہ ہونے کی ہدایت کردی۔
باغی ٹی وی کی رپورت کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت نے اپنے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ استعفوں کی تصدیق کے عمل کا حصہ نہ بنیں اور اس سلسلے میں ارکان اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے لیے نہ جائیں۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو شاہ محمود قریشی کا اہم پیغام بھی دیا گیا ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر جلد بازی نہ کرنے کی تجویز دی ہے ، تاہم اجلاس کے دوران قیادت نے پارٹی ارکان کے سامنے مؤقف اپنایا ہےکہ ہم استعفے دےچکے ہیں لہٰذا مزید کسی اقدام کی ضرورت نہیں۔
واضع رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کررکھا ہے،ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر نے پی ٹی آئی کے استعفے دینے والے ارکان کو طلب کیا ہے.ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کی جانب سے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کردیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اسپیکرنے پی ٹی آئی اراکین کوتصدیق کیلئے 6 جون کو طلب کیا ہے اور استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ 10 جون تک جاری رہے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی تعداد 131 ہے اور روزانہ 30 مستعفی ارکان اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے جبکہ ہر رکن کیلئے 5 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے 100 سے زائد ارکان قومی اسمبلی نے استعفے دیے تھے جو سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو بھجوائے تھے۔ بعدازاں اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے ڈی سیل کردیے تھے۔