پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر ورکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا محور P ہے، P فار پیسہ،وفاقی حکومت پر تنقید کے علاوہ سندھ حکومت کی اور کوئی حکمت نہیں ہے، پیپلز پارٹی کے منیجرز زرداری کی حرام کی دولت کے چوکیدار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہفتہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ پی پی چاہتی ہے کہ کراچی کیساتھ گناہ خود کریں اور کفارہ عمران خان ادا کرے،پی پی کی سرپرستی میں کراچی کے نالوں پر تجاوزات قائم کی گئیں، متاثرین کو چھت دینا بھی پیپلز پارٹی کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس کی منظوری کیلئے فیٹیف بل کی تاریخ دوہرانے کی سازش کی جارہی ہے، پی ٹی آئی اپنوں اور پرایوں کے احتساب میں کوئی امتیاز نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب اپنی توانائی کراچی پر توجہ دینے پر مرکوز کریں،پی ٹی آئی حکومت میں احتساب کے پر نہ پہلے کٹے تھے نہ آئیندہ کٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا میں پاکستان کے سب شہروں میں کاروبار کھلا تھا سوائے کراچی کے، سندھ حکومت عوام دشمن تو ہے ہی، کاروباری برادری کی دشمن بھی ہے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ پی پی پی والے اپنی آخری حکومت سندھ میں بنا چکے، 2023 کے انتخابات میں سندھ میں پی پی کو بدترین شکست دیں گے۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کا ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کی پریس کانفرنس پر ردعمل
Shares:







