پی ٹی آئی کی امریکی لابنگ کمپنیز کے ساتھ معاہدوں کی چونکانے والی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں. شیری رحمان

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امریکی لابنگ کمپنیز کے ساتھ معاہدوں کی چونکانے والی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔

وفاقی وزیر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ پی ٹی آئی نے امریکی کمپنی فینٹن آرلُک سے معاہدے کیا اور پی ٹی آئی کی سابق سی آئی اے اہلکار کی کمپنی کے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مئی 2021 میں امریکی کمپنی کے ساتھ عمران خان کے سابق معاون خصوصی نے معاہدہ کیا اور پی ٹی آئی کے لیے مارچ 2022 کا معاہدہ سابق سفیر اسد مجید نے کیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ 7 مارچ کو خط موصول ہونے کے باوجود پی ٹی آئی 22 مارچ کو سابق سی آئی اے کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر رہی تھی۔ عمران خان نے امریکہ میں اپنا اچھا امیج بنانے کے لیے لابنگ فرم کے ساتھ معاہدے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکی حکومت نے دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا تو پی ٹی آئی کو وہاں اپنی تشہیر کی ضرورت کیوں پڑی؟ اور بیرونی سازش کا بیانیہ بنانے کے لیے عمران خان نے پاکستان کے مفادات اور خارجہ تعلقات داؤ پر لگا دیئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لکھاری عمر اظہر نے کچھ دستاویزات اپنے ٹوئیٹر پر شیئر کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ: ان دستاویزات سے تصدیق ہوتی کہ تحریک انصاف نے لابنگ کیلئے جس لابنگ فرم کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اس لابنگ فرم کا سربراہ امریکی انٹیلجنس ایجنسی سی آئی اے کا سابق اسٹیشن چیف اسلام آباد رابرٹ گرینیئر نکلا ہے.

امریکہ پر اپنی حکومت گرانے کی سازش کا الزام لگانے والے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جماعت امریکہ میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے تین مختلف لابنگ فرموں سے معاہدے کر چکی ہے جن میں سے ایک لابنگ فرم کے سربراہ رابرٹ گرینیئر پاکستان میں بطور سی آئی اے اسٹیشن چیف بھی تعینات رہ چکے ہیں۔

Comments are closed.