کراچی : پی ٹی آئی نے پھردھرنوں کا آغاز کردیا :پہلا دھرنا تھرپارکر میں جاری،اطلاعات کے مطابق تھرپارکرمٹھی میں سندھ حکومت اور تھر پولیس کی زیادتیوں کے خلاف سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کی قیادت میں گذشتہ 12 گھنٹے سے دھرنا جاری ہے۔
دھرنے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب غلام رحیم،پی ٹی آئی رہنما رکن قومی اسمبلی لال مالھی، ارباب انور،دلاور مالکانی، ارباب عنایت اللہ اور دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد دھرنے میں موجود ہے ،جس کے باعث تھرکول سمیت میرپورخاص، کراچی، حیدرآباد و دیگر شہروں کی طرف جانے والے راستے مکمل طور پر بند ہو گئے۔
رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ ایس ایس پی تھرپارکر کو ہٹایا جائے اورجھوٹے مقدمے بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات نہیں مانے جائیں گے تب تک دھرنا جاری رہے گا۔