مینار پاکستان عمران خان کے تاریخی خطاب کا منتظر:ہرطرف وفادار ہی وفادار:پاکستان زندہ باد کے نعرے

0
100

لاہور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لاہور میں پاور شو، پی ٹی آئی کا مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسہ، پارٹی پرچموں کی بہار، جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں،کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک، عمران خان لاہور پہنچ گئے ہیں۔

جلسہ عام کے لیے تین مختلف انکلوژر بنائے گئے ہیں، عام افراد کے لیے جنرل انکلوژر، خواتین کے لیے لیڈیز جبکہ فیملیز کے لیے فیملی انکلوژر بنائے گئے ہیں، جلسہ کے لیے چالیس کنٹینروں پر مشتمل مین سٹیج تیار کیا گیا ہے جہاں 100 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔

اراکین پارلیمنٹ کے لیے میڈیا اور سوشل میڈیا کے لیے علیحدہ علیحدہ کنٹینرز تیار کئیے گئے ہیں، جلسہ کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کی خصوصی کمیٹی کے اراکین بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں، جلسہ میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو تین درجہ سکیورٹی سے گزرنا پڑا جبکہ خواتین کے انکلوژر میں خصوصی کیمرے بھی لگائے گئے۔

گزشتہ روز مختلف ریلیاں بھی منعقد کی گئیں، جلسہ سے عمران خان کے علاوہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیخ رشید، قاسم سوری، فواد چودھری، شفقت محمود، حماد اظہر اور دوسرے مرکزی قائدین خطاب کررہے ہیں۔

مینارِ پاکستان میں پاکستان تحریک انصاف کے تاریخی جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں صدر پنجاب شفقت محمود کی زیرِصدارت انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں افتخار درانی، مسرت جمشید چیمہ سمیت میڈیا و سماجی میڈیا کے ذمہ داران نے شرکت کی، جلسہ گاہ کے روٹ پلان کو حتمی شکل دی گئی تھی، سٹیج کی ساخت اور اس پر براجمان ہونے والے مہمانانِ گرامی کی فہرست کو بھی حتمی شکل دی گئی تھی جبکہ جلسہ گاہ میں تیاریوں کے حتمی جائزے کی روشنی میں انہیں اطمینان بخش قرار دے دیا گیا تھا۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ تھا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان جلسہ گاہ آنے کے بجائے ویڈیولنک پر خطاب کریں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لاہور مینار پاکستان پر جلسہ کراچی سی ویو پر لائیو دکھانے کا معاملہ درہم برہم ہوگیا، انتظامیہ نے پی ٹی آئی کراچی کو لائیو اسکریننگ سے منع کردیا جبکہ پی ٹی آئی نے لائیو اسکرین لگانے پر اصرار کیا۔

پی ٹی آئی کراچی نے سی ویو پو لائیو اسکریننگ کے ذریعے لاہور جلسے کو براہ راست دکھانے کا انتظام کیا تھا اس کے لیے تیاریاں کی جارہی تھیں کہ انتظامیہ نے لائیواسکریننگ سے روک دیا، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم شیخ نے انتظامیہ کے رویئے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت عوامی ردعمل سے خوفزدہ ہوچکی ہے اور صوبائی حکومت کے احکامات پر پولیس رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے کارکنان کو مقررہ وقت پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہرحال میں اسی مقام پر لائیو اسکرین کے ذریعے لاہور جلسے کو لائیو دکھائیں گے۔

ادُھر پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ بغیر این او سی کے پروگرام کیا جارہا تھا جس پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کی ہے، سندھ پولیس نے اسکرین نہیں ہٹائی، سی ویو پر کسی بھی پروگرام کی اجازت ڈی ایچ اے کی جانب سے دی جاتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم نے سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دیں، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ذاتی طور پر سکیورٹی کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹریز کو ہنگامی خط ارسال کر دیئے جن میں عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے لاہور میں پاور شو کے موقع پر سکیورٹی خدشات اور نقص امن کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے میٹرو بس سروس اور اورنج ٹرین کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا.

میٹرو بس اور اورنج ٹرین کو سہ پہر چار بجے مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا، شہر بھر سے نکلنے والی پی ٹی آئی کی ریلیوں اور جلوسوں کے سبب ماس ٹرانزٹ سسٹم کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چار بجے کے بعد کسی بھی مسافر کو میٹرو سٹیشن پر جانے کی اجازت نہیں ہو گی. ماس ٹرانزٹ سسٹم کو کل دوبارہ شیڈول کے مطابق چلایا جائے گا۔

Leave a reply