منوعہ فنڈنگ ضبطگی کیس میں پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت
الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ ضبطگی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں دو ہفتے کا وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ آخری مرتبہ وقت لیا جا رہا ہے۔

سماعت کے موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے شاہ خاور پیش ہوئے اور کمیشن کو بتایا کہ بیرون ملک سے بعض دستاویزات ابھی تک نہیں ملیں، تمام دستاویزات موصول ہونے پر ہی جواب جمع کروایا جائے گا۔ سمندر پار پاکستانیوں کے نائیکوپ اور دیگر تفصیلات کا انتظار ہے۔الیکشن کمیشن کے رکن کے پی نے استفسار کیا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس کتنا عرصہ چلا تھا؟ ، جس پر شاہ خاور نے بتایا کہ ممنوعہ فنڈنگ کیس 8 سال تک چلا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ کیا اس کیس کو بھی 8 سال چلانا ہے؟ ۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے مزید سماعت 19 ستمبر تک ملتوی کردی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے پیش ہونے والے شاہ خاور کی 2 ہفتے کا وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ آخری مرتبہ وقت لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فنڈز ضبط ہونے کے نوٹس کا جواب دینے کےلئے الیکشن کمیشن سے 4 ہفتے کا وقت مانگا تھا چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا تھا کہ اتنا زیادہ وقت نہیں دے سکتے،الیکشن کمیشن نے 6 ستمبر تک جواب طلب کیا تھا. چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ ضبط کرنے کے کیس کی سماعت کی تھی.

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اتنا وقت نہیں دے سکتے جس پر معاون وکیل نے استدعا کی تھی کہ کم از کم دو ہفتے کا وقت تو دیا جائے،چیف الیکشن کمشنر نے6 ستمبر تک وقت دے دیا تھا.

Shares: