گندے گیسٹ ہاؤس میں نظربندی کے دوران پریانکا گاندھی کی جھاڑو سے صفائی، ویڈیو وائرل
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پریانکا گاندھی کی سرکاری گیسٹ ہاؤس میں صفائی کے لیے جھاڑو لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے-
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق لکھم پور میں کسانوں پر ہونے والے تشدد کے بعد کانگریس کی جنرل سیکریٹری اور آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی کی پوتی پریانکا گاندھی کسانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پہنچیں تو انہیں حکومت نے گرفتار کر کے گیسٹ ہاؤس میں نظر بند کردیا جو انتہائی گندا تھا۔
بھارت کے آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کی صاحبزادی پریانکا گاندھی نے سیتا پور کے گاؤں میں واقع گیسٹ ہاؤس میں نظربندی کے دوران جب گیسٹ ہاؤس کو گندا دیکھا تو انہوں ںے از خود اٹھ کر جھاڑو لگانا شروع کردی۔
پریانکا گاندھی کو جھاڑو لگاتا دیکھ کر وہاں موجود کسی نے ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا –
نوجوت سنگھ سدھو سمیت متعدد رہنما زیر حراست
واضح رہے کہ بھارت میں کسانوں کے پر امن احتجاج میں 8 افراد ہلاک ہونے پر احتجاج شدت اختیار کر گیا ہے بھارت میں کسانوں پر بی جے پی رہنما کے بیٹے نے گاڑی چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے جن میں 4 کسان بھی شامل ہیں ریاست اتر پردیش میں کسان نائب وزیراعلیٰ اجے مشرا کی آمد پر احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے، احتجاج کے دوران اچانک 3 گاڑیاں تیزی سے آئیں اور وہاں موجود کسانوں کو روندتے ہوئے چلی گئیں۔
واقعے کے بعد مشتعل کسانوں نے متعدد سرکاری گاڑیوں کو آگ لگادی کسان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ گاڑی میں نائب وزیر داخلہ کا بیٹا موجود تھا جس نے یہ حرکت جان بوجھ کر کی۔