پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل پی ٹی آئی اورق لیگ کا اہم اجلاس طلب

0
38

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل مشاورت کے لیے پی ٹی آئی اور ق لیگ کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا۔

باغی ٹی وی : پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے ہو گا اسمبلی کے اجلاس سے قبل پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 15 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔ مسلم لیگ ن چار جب کہ ایک نشست پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا ہے جس کے بعد پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے اتحاد نے پنجاب میں اپنا وزیراعلیٰ بنانے کے لیے مطلوب اراکین کی تعداد حاصل کر لی ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ 60،70 سالوں سے بند کمروں کے اندر پاکستان کے فیصلے ہوتے تھے، عمران خا ن نے کل تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس بلایا ہے، پیر کی سہ پہر تین بجے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

اسد عمر نے کہا تھا کہ ابھی تک جو نتائج آچکے ہیں اس میں بھاری اکثریت پی ٹی آئی کو ملی ہے، 22 جولائی کو بس ایک رسمی کارروائی رہ گئی ہے، مریم نواز کے پاس شکست تسلیم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں تھا، مریم نواز کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں، شہباز شریف صرف اسلام آباد کے وزیراعظم رہ گئے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے پرویز الہٰی امیدوار ہیں اور رہیں گے، اس نظام میں نقصان ہی نقصان ہے، پاکستان کو سیاسی ہیجان سے نکال کر نئے الیکشن کی طرف جانا چاہئے۔

Leave a reply