وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا.پنجاب کابینہ نے سیلاب متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا. پنجاب کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کا اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے لئے وقف کرنے کا اعلان کر دیا.
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میرا ہیلی کاپٹر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو ریلیف دینے کے لئے استعمال کیا جائے۔

وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ دیگر صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا .

چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کیلئے ادویات اور میڈیکل سٹاف بھجوائے گی۔ بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواکے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔پنجاب حکومت دیگر صوبوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

پنجاب کابینہ نے راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کی توثیق کردی،وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے ریلیف کی سرگرمیو ں کو منظم انداز میں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی.

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق ٹینٹ،فوڈ ہیمپرز او ردیگر ضروری سامان مہیا کیاجائے گا۔ گھروں،فصلوں او رلائیوسٹاک کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کریں گے۔ہر حقدار کو اس کا حق دیاجائے گا،کسی کی حق تلفی نہیں ہونی چاہیے۔

پنجاب کابینہ نے بارشوں او رسیلاب سے آبپاشی کے انفراسٹرکچر کو پہنچنے وا لے نقصانات کی تعمیر و مرمت کے لئے 4ارب روپے کے خصوصی فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی
ڈیرہ غازی خان ضلع میں سرکاری اراضی کی نیلامی کے عمل کو کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے پرائیوٹائزیشن کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے.کمیٹی تمام امور کاجائز ہ لے کر اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی

کابینہ نے نکلسن روڈ کو سینئر سیاستدان نوابزادہ نصر اللہ مرحوم کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دے دی ،پی ایس ڈی پی / اے ڈی پی فنڈڈ پروگرام برائے اصلاح کھالا جات کے فیز ٹو کے سٹاف کا معاملہ کمیٹی کے سپرد کر دیئے.ایل ڈی اے ٹربیونل کے صدر منصور احمد خان کے عہدے میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی،سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرری کے لئے نئی سرچ کمیٹی کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی،سرچ کمیٹی کے کنونئر شفقت محمود ہوں گے .

پنجاب کابینہ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ایپلٹ ٹربیونل کی چیئرپرسن اور جوڈیشل ممبر ز کی تعیناتی کی منظوری دی،پنجاب اسمبلی کے 5 ویں پارلیمانی سال2022-23 کے سالانہ کیلنڈ اور پنجاب پبلک سروس کمیشن برائے سال 2021کی سالانہ رپورٹ کی بھی منظوری دے دی. اجلاس میں صوبائی محتسب پنجاب کی سالانہ رپورٹ 2021 ء کی منظوری دی گئی
اجلاس میں کابینہ کے پہلے اجلاس میں تشکیل دی جانے والی کابینہ سٹینڈنگ کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دی گئی.اجلاس میں کابینہ کے پہلے اجلاس کے فیصلو ں کی توثیق کی گئی،کا بینہ کو سیلاب سے ہونے والے جانی ومالی نقصانا ت اورامدادی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی،صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی.

Shares: