کراچی : قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی سے روزنامہ 92 نیوز اور بلوچستان ٹائمز کے ایڈیٹر اور معروف مصنف سعید خاور نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مصنف سعید خاور نے قائم مقام گورنرسندھ کو اپنی تھر پر تحقیقی کتاب "Thar-The Land of Thurst” بارے میں آگاہی دی۔ واضح رہے کہ انگریزی میں لکھی گئی سعید خاور کی کتاب کا اردو، سندھی اور سرائیکی زبان میں بھی ترجمہ کیا جا چکا ہے۔ قائم مقام گورنر سندھ نے تھر کی مکمل تاریخ لکھنے پر مصنف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مصنف سعید خاور صحرائے تھر کی بھرپور معلومات پر مبنی کتاب تحریر کرنے پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھر کے لوگ بہت محنتی اور جفاکش ہوتے ہیں، تھر کی اپنی ثقافت، رسم و رواج اور سماجی روایات ہیں اس ثقافت میں انتہائی خوبصورت و دلکش رنگ بھی ہیں، خاص طور پر صحرائے تھر کا مور دنیا میں اپنی مثال آپ ہے، بلاشبہ صحرائے تھر کے بغیر صوبہ کی تاریخ نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب سے طلبہ اور دیگر لوگوں کو تھر کی تاریخ کا علم ہوگا اور عظیم دھرتی سندھ کی ترقی میں تھر کا اہم کردار ثابت ہوگا۔ تاریخی صحرا تھر ملکی و قوم کی ترقی کے لئے بیش بہا خزانہ ہے۔ صحرائے تھر اللہ تعالیٰ کی طرف سے انمول تحفہ ہے کیونکہ یہ صحرا نہیں بلکہ ایک تاریخ ہے۔ قائم مقام گورنرسندھ نے کہا کہ مصنف نے تھر سے متعلق اہم معلومات جمع کی ہیں ،تھر کی اس سے خوبصورت تاریخ نہیں لکھی جا سکتی، مصنف نے بڑی محنت سے اس کتاب کو تحریر کیا۔ مصنف سعید خاور نے کمال ہی کر دیا ہے، یہ کتاب اہل علم کے لئے تھر کی تاریخ کے حوالہ سے خزانہ اور ریفرینس بک ثابت ہو گی، انتہائی شاندار الفاظ کے چناﺅکے ساتھ تاریخی تحریر عوام میں یقینا شرف قبولیت پائے گی ۔