روان ماہ 9 مئی کو کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے بھارتی اداکار اور سوشل میڈیا اسٹار راہول ووہرا کی مرنے سے قبل بنائی گئی آخری ویڈیو سامنے آگئی۔

باغی ٹی وی :راہول ووہرا نے مرنے سے قبل 8 مئی کو فیس بک پر اپنی آخری پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ بہتر علاج نہ ہونے کی وجہ سے مر رہے ہیں۔

انہوں نے اپنی آخری پوسٹ میں اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ دارالحکومت نئی دہلی کے راجیو گاندھی سپر اسپیشلٹی ہاسپٹل کی چھٹی منزل پر زیر علاج رہے مگر اب وہ ہمت ہار چکے ہیں اور مرنے والے ہیں۔

مذکورہ پوسٹ کے کچھ ہی گھنٹوں بعد راہول ووہرا مبینہ طور پر ہسپتال عملے کی لاپرواہیوں کے باعث چل بسے تھے۔

راہول ووہرا گزشتہ 5 دن سے مذکورہ ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہوں نے 4 مئی کو بھی اپنی فیس بک پوسٹ میں ہسپتال میں اچھا علاج میسر نہ ہونے کی شکایت کرتے ہوئے مدد مانگی تھی۔

انہوں نے مذکورہ پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہیں ہسپتال میں درست انداز میں آکسیجن فراہم نہیں کیا جا رہا، اس لیے انہیں کوئی ایسا ہسپتال بتایا جائے، جہاں آکسیجن کے ساتھ بستر موجود ہو۔

9 مئی کو ان کی ہلاکت کے بعد اب ان کی بیوہ اور اداکارہ جیوتی تواری نے ان کی بنائی گئی آخری ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کردیا، جسے دیکھنے کے بعد کئی لوگ آبدیدہ ہوگئے۔

جیوتی تواری نے اپنے آنجہانی شوہر کی آخری ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ تو سب جانتے ہیں کہ راہول چلے گئے لیکن یہ کوئی نہیں جانتا کہ وہ کیسے چلے گئے؟

انہوں نے لکھا کہ راہول ووہرا ہسپتال کی غفلت کی وجہ سے چل بسے، انہوں نے اُمید کا اظہار کیا کہ ان کے شوہر کو انصاف ملے گا اور ان کے راہول کی طرح دوسرا کوئی نہیں مرے گا۔

راہول ووہرا کی آخری ویڈیو ڈیڑھ منٹ دورانیے کی ہے جس میں انہیں ہسپتال کے بستر پر آکسیجن ماسک کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں وہ بتاتے دکھائی دیتے ہیں کہ انہیں جو آکسیجن ماسک دیا گیا ہے، اس میں آکسیجن آ ہی نہیں رہا اور پھر بلانے سے بھی اسٹاف نہیں آتا۔

ویڈیو میں راہول ووہرا کو سانس کی تکلیف کے باعث درست انداز میں بات نہ کرپاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، ساتھ ہی ان کے چہرے اور آنکھوں کی حالت سے محسوس ہوتا ہے کہ انہیں سانس لینے میں شدید تکلیف کا سامنا تھا۔

راہول ووہرا کی مرنے سے قبل بنائی گئی آخری ویڈیو کے سامنے آتے ہی وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور کئی افراد نے مودی سرکار پر خوب تنقید کی۔

زیادہ تر افراد کا کہنا تھا کہ راہول ووہرا کورونا سے نہیں بلکہ انتظامیہ کی غفلت اور صحت کا نظام درست نہ ہونے کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔

Shares: