بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت کے شوہر رتیش کی پہلی بیوی منظرعام پر آگئی-
باغی ٹی وی : گزشتہ برس جب دلہن بنی راکھی ساونت کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں اس وقت سے ہر کوئی راکھی کے شوہر کا چہرہ دیکھنے اور اس کے بارے میں جاننے کا انتظار کررہا تھا اور بالآخر ایک طویل انتظار کے بعد راکھی ساونت کے شوہر بگ باس سیزن 15 میں منظر عام پر آہی گئے۔
بگ باس سے قبل کوئی بھی نہیں جانتا تھاکہ راکھی ساونت کے شوہر کون ہیں کیا کرتے ہیں اور کیسے نظر آتے ہیں راکھی ساونت نے اپنے شوہر کے حوالے سے لوگوں کو تجسس میں ڈالا ہوا تھا یہاں تک کہ لوگوں کو راکھی شادی پر بھی شک تھا کہ ہوئی بھی ہے یا نہیں۔
راکھی ساونت نے اپنے شوہر کے بارے میں بتایا ہے کہ وہ بزنس مین ہیں اور برطانیہ میں رہتے ہیں تاہم اب اچانک رتیش کی پہلی بیوی منظرعام پر آگئی ہے جس نے رتیش کے بارے میں کئی انکشافات کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رتیش پہلے سے شادی شدہ ہے ان کی پہلی بیوی کا نام پریا ہے اور راکھی سے شادی سے قبل ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے حال ہی میں رتیش کی پہلی بیوی پریا نے راکھی اور رتیش کی شادی پر سوال اٹھایا ہے۔
ایک بھارتی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے پریا نے کہا مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا کہ رتیش کس طرح راکھی جیسی ایک مشہور اداکارہ سے شادی کرنے میں کامیاب ہوگیا میرے مطابق یہ سب جھوٹ ہے اور اس کے این آر آئے اور کمپنی کا مالک ہونے کا دعویٰ بھی۔ بگ باس 15 میں رتیش کس طرح راکھی کا شوہر بنا ہوا ہے جب کہ ابھی تک ہم دونوں میاں بیوی ہیں یہ قانون کے خلاف ہے۔
صرف یہی نہیں پریا نے رتیش کے بارے میں مزید انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ رتیش اکثر مجھے مارتا پیٹتا تھا یہاں تک کہ ایک بار اس نے مجھے 4 گھنٹوں تک بیلٹ سے مارا تھا جس کے بعد مجھے اسپتال لے جایا گیا جہاں سے میں کسی طرح اپنے والدین کے گھر جانے میں کامیاب ہوئی۔
واضح رہے کہ راکھی ساونت بھی اپنی شادی اور رتیش سے خوش نہیں ہیں بگ باس کے گھر کے اندر رتیش کا رویہ راکھی کے ساتھ بہت برا ہے حال ہی میں بگ باس 15 کا نیا پرومو سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا جس میں راکھی ساونت اور ان کے شوہر ایک دوسرے سے بیزار نظر آرہے ہیں یہاں تک کہ رتیش راکھی کے پاس بیٹھنا اور ان سے بات کرنا بھی پسند نہیں کرتے۔
پرومو میں راکھی اپنے شوہر سے کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں ’میں تم سے محبت کرتی ہوں لیکن تم مجھے ہمیشہ نظر انداز کرتے ہو تم مجھ سے کب تک دور رہوگے؟ راکھی کے اس سوال پر ان کے شوہر کہتے ہیں تم مجھے ’سر کادرد‘ مت دو، میرا ہاتھ چھوڑو، تمہارے پاس بیٹھنا بیکار ہے یہ کہہ کر رتیش وہاں سے چلے جاتے ہیں۔‘
اس کے بعد راکھی بگ باس کی ایک اور کھلاڑی تیجسونی سے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں رتیش کو ساری دوسری لڑکیاں اچھی لگتی ہیں میرے ساتھ تو بات ہی نہیں کرتا، دنیا کا پہلا شوہر ہے جو بیوی کے برابر میں ہی نہیں بیٹھتا۔
راکھی نے مزید کہا اس نے کبھی میرے ساتھ اپنا پن دکھایا ہی نہیں ہے، کیا گھر بسائے گا میرے ساتھ، مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے، رتیش کا رویہ مجھے بہت متاثر کررہا ہے۔ ایسا شوہر ہونے سے اچھا ہے نا ہو۔ اس کے بعد راکھی ساونت نہایت دکھ بھرے لہجے میں کہتی ہیں انسان اکیلے ہی جی لے اور رونا شروع کردیتی ہیں۔