اسلام آباد:سعودی عرب پاکستان میں کیا چاہتا ہے رانا تنویر حسین نے بتادیا،اطلاعات کے مطابق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں ترقی کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ ان کا دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، جہاں انہوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں مسلم لیگی ارکان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں بے پناہ ترقی کی جا رہی ہے اور اصلاحات کے ذریعے تعلیمی نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے جسکی وجہ سے پاکستان اور سعودی عرب کی وزارتوں کی جانب سے جوائنٹ ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے دونوں ممالک تعلیمی میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ سعودی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباء کے لئے اسکالرشپ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں مقیم مسلم لیگ ن کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی نوازشریف کا ہراول دستہ ہیں اور پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے بھرپور توجہ دیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر سے ملاقات میں مسلم لیگ ن سعودی عرب کے سنئیر نائب صدر محمود الحق ڈوگر، صدر ریاض ریجن عدنان اقبال بٹ، ظہیر احمد مغل، ضرار بلوچ اور دیگر شامل تھے