راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کھائی میں گرگئی،19 افراد جاں بحق

0
52

کوئٹہ :ضلع شیرانی کے علاقے دانہ سر میں راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہو گئے ۔

لیویز ذرائع کے مطابق شیرانی کے پہاڑی علاقے دانہ سر میں بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے راولپنڈی سے کوئٹہ جانےوالی مسافر بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جا گری۔ بس میں 30 سے زائد افراد سوار تھے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے 19 افراد کے علاوہ کئی زخمیوں کو ژوب سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جائے حادثہ پرامدادی کام جاری ہے، مزید ہلاکتیں بھی ہو سکتی ہیں۔ پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث امدادی کام میں رضا کاروں کو دشواری کا سامنا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق سپر سدا بہار کمپنی کی مسافر بس راولپنڈی سے کوئٹہ جارہی تھی کہ بلوچستان کی سرحد سے متصل علاقے دانہ سر میں حادثے کا شکار ہوگئی۔عینی شاہدین کے مطابق بارش کے دوران بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہرئی کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 19 مسافر جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ٹیموں نے2 جاں بحق افراد کی نعشوں کو ژوب ہسپتال جبکہ دیگر کو ڈیرہ اسماعیل خان کے مغل کوٹ ہسپتال میں منتقل کرادیا ہے۔ شیرانی کے اسسٹنٹ کمشنر مہتاب شاہ کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔مہتاب شاہ کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال مغل کوٹ منتقل کردیا گیا ہے ،جہاں ان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔سول ہسپتال ژوب کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نورالحق نے بتایا کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث مزید اموات کا خدشہ ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےژوب کے علاقے میں بس حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ا یوانِ صدرپریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے جان بحق ہونے والوں کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور حادثے میں جانبحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔

وزیرِ اعظم محمّد شہباز شریف نے اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئےزخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِ اعظم محمّد شہباز شریف نے ژوب کے قریب اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کے حادثے پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے الم کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت کے لیے دعا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے حادثے میں زخمی افراد کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی افراد کے علاج میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

Leave a reply