امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک میں ریکارڈ مہنگائی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری ، حکومت کی نا اہلی و نا قص پالیسیوں ، بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہ دینے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے کے خلاف اتوار 4جولائی کو ملک گیر یوم احتجاج کے سلسلے میں کراچی میں ، نیو ایم اے جناح روڈ پر شام 5بجے ا حتجاجی مظاہرے کیا جائے گا ۔
جس سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنما خطاب کریں گے ۔ یہ فیصلہ ادارہ نور حق میں حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت امراء اضلاع کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا ۔ اجلاس میں بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے تمام اضلاع کے ذمہ داران کو خصوصی ہدایات دی گئیں اور زور دیا گیا کہ شہر بھر سے بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت کو یقینی بنانے اور مظاہرے کو بھر پور بنانے کے لیے موثر انتظامات اور تیاریاں کریں ۔
اجلاس میں جماعت اسلامی کے تحت جاری ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ کا بھی جائزہ لیا گیا اور تحریک کی عوام میں زبردست پذیرائی اور مسائل و مشکلات کا شکار شہریوں کے بڑھتے ہوئے رجوع اور شرکت کو جماعت اسلامی پر عوام کے اعتماد کا مظہر قرار دیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ تین کروڑ سے زائد شہریوں کے جائز حقوق اور قانونی حقوق کے حصول اور گھمبیر مسائل کے حل کی یہ تحریک اور جدو جہد جاری رکھی جائے گی ۔
تحریک کو مزید تیز اور منظم کیا جائے گا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی خوشنودی کے لیے اور اس کے دباؤ پر جو فیصلے اور اقدامات کیے ہیں اس سے عوام بری طرح متاثر ہوں گے ،بجٹ کے ساتھ ہی اشیاء صرف اور عام ضرورت کی چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ،بجٹ کے ساتھ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی دو مرتبہ اضافہ کر کے حکومت نے عوام پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے ،حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے ۔

ریکارڈ مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت کل نیو ایم اے جناح روڈ پر مظاہرہ ہو گا
Shares: