میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگارشاہزیب شاہ )ضلع میرپورخاص کی خواتین و بچیوں کے تخفظ کے لیے تشکیل کردہ ریفرل ڈائریکٹری کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں دیہی سطح پر سیلاب متاثرین کی شراکت سے بحالی کے پروگرام کے تحت ضلع میرپورخاص کی خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے تشکیل کردہ ریفرل ڈائریکٹری کی افتتاحی تقریب دربار ہال میرپورخاص میں آرٹس فاؤنڈیشن میرپورخاص کے تعاون سے منقعد ہوئی .
اس موقع پر آرٹس فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ مینیجر علی حسن نون ، پروٹیکشن آفیسر مس مریم زاہد ،بیداری آرگنائزیشن کی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نجمہ شیخ ، محکمہ لائیو اسٹاک کے فوکل پرسن ڈاکٹر خان محمد مری ، سول سوسائٹی سپورٹ پروگرام کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر محمد بخش کپری ، اسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال محمد سلیم بلوچ ، صحافیوں اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی .
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے ضلع میرپورخاص میں کام کرنے والی تمام سماجی تنظیموں کے نمائندوں کو زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے عوام کی بہتری کے مستقل ، دیرینہ اور ضروریات پر توجہ دیکر منصوبے بنائے جائیں تاکہ ان کا فائدہ مقامی لوگوں تک پہنچ سکے .
مقررین نے مزید کہا کہ خواتین بھی معاشرے کی بہتری کے لیے مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور کررہی ہیں اور وہ ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بھی آگے آنے کی ضرورت ہے مقررین نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے افتتاح سے خواتین اور بچیوں کے تخفظ کے لیے اہم مدد حاصل ہو سکے گی اور وہ پر اعتماد ہو کر معاشرتی کی بہتری اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل ہوں گی .
قبل ازیں پروجیکٹ مینیجر آرٹس فاؤنڈیشن علی حسن نون نے پروجیکٹ کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت میرپورخاص ضلع کی یوسی ڈینگان بھرگڑی اور ضلع سانگھڑ کے گاؤں جعفرآباد میں خواتین کے تحفظ ،لائیو اسٹاک اور فوڈ پر کام کیا گیا ہے جس کے لئے یوسی سطح پر خواتین کے تحفظ اور بچوں پر تشدد کی روکتھام کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں
اس کے علاوہ ضلع میرپورخاص میں 371 لوگوں کے اور سانگھڑ میں 55 لوگوں کو شناختی کارڈ بنوا کر دئیے ہیں جبکہ 742 بچوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ بنوا کر دئیے گیے ہیں اور 400سے زائد آگاہی پروگرام منعقد کروائے گئے ہیں ،
علاوہ ازیں لوگوں کی مالی مدد اورخودکفیل بنانے کے لیے مختلف اداروں سے لنکیجز قائم کئے گئے ہیں جس میں محکمہ سوشل ویلفیئر ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، لائیو اسٹاک اور دیگر ادارے شامل ہیں ، جبکہ خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے سلائی مشینیں ، بکریوں کے جوڑے اور کسانوں کو بیج کھاد اور کچن گارڈنگ کے پروجیکٹس پر بھی کام کیا گیا ہے تاکہ وہ خواتین اپنا کاروبار شروع کر کے خود کفیل بن سکیں