سیر کیلئے جانیوالے 5دوست رکشے پر ٹک ٹاک بناتے حادثے کا شکار ہو گئے –
باغی ٹی وی : سیر کیلئے جانیوالے 5دوست رکشے پر ٹک ٹاک بناتے حادثے کا شکار ہو گئے بیوہ کے اکلوتے بیٹے سمیت 3 لڑکے جاں بحق ،2زخمی ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق شمالی چھاؤنی کے علاقے میں 5لڑکے ایک ہی رکشے میں سوار ہو کر سیر کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں16سالہ مصطفی نے ٹک ٹاک پر ویڈیو بنانا شروع کر دی،اس دورا ن لڑکوں نے رکشے پر ویلنگ کی جس سے رکشہ بے قابو ہو کر ایک پلر سے ٹکرانے کے بعد کار سے جاٹکرایا-
حادثے میں پانچوں دوست شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو اہلکار وں نے مناواں ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے 16سالہ احمد ، 16سالہ سلمان اوربیوہ خاتون کے اکلوتے لخت جگر15سالہ مصطفی کی موت کی تصدیق کر دی ، 13سالہ طیب اور 15سالہ خورشید ہسپتال میں زیر علاج ہیں-
جہاں طیب کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔ مرحوم مصطفی کے کز ن امجد نے بتایا کہ پانچوں دوست سیر کے لئے نکلے تھے اور ٹاک ٹاک ویڈیو بناتے حادثے کا شکار ہوگئے ،حادثے کے بعد کار ڈرائیورفرار ہو گیا ۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔سی سی پی اونے کہا کہ واقعہ کی پوری قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ شیخوپورہ کے علاقے بھکھی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران 2 نوجوان نہر میں ڈوب گئے تھے لاہور کے علاقے رائیونڈ کے رہائشی دو نوجوان ذیشان رشید اور ساجد اپنے کزن کی دعوت پر اس سے ملنے شیخوپورہ کے گاؤں بھکھی گئے تھے جہاں انہوں نے نہر کے قریب کھڑے ہوکر ٹاک ویڈیو بنانا شروع کی اور اس دوران توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نہر میں ڈوب گئے-
جبکہ اس سے قبل ایک نوجوان کراچی کے علاقے کلفٹن میں سی ویو پر ویڈیو بناتے ہوئے پتھر لگنے سے جاں بحق ہوا تھا۔ جبکہ چند روز قبل راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں 18 سالہ نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق حمزہ نامی نوجوان راولپنڈی کے نورانی محلے کا رہائشی تھا اور وہ ویڈیو بنانے کے لیے شاہ خالد کالونی پہنچا تھا۔ پٹری کے پاس پہنچنے کے بعد نوجوان نے جب ہزارہ ایکسپریس نامی ٹرین کو دور سے آتا ہوا دیکھا ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کی اور اسی دوران حادثہ پیش آگیا۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی پاکستان سمیت دنیا بھر سے متعدد افراد ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہوئے خطر ناک اسٹنٹ کرتے ہوئے مختلف حادثات کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔