شکارپور:ڈاکووں کا شکارپور تھانے پرحملہ، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار زخمی،اطلاعات کے مطابق شکارپور کے علاقے گڑھی تیغو میں پولیس تھانے پر ڈاکوؤں نے حملہ کر دیا جس میں ایس ایچ او سمیت 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے صبح سویرے تھانے پر حملہ کیا جس میں ایس ایچ او گڑھی تیغو تھانہ رافع پٹھان اور 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے سکھر کے نجی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ایس ایس پی تنویر احمد تنیو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے گڑھی تیغو میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سندھ میں ویسے بھی ڈاکووں کا راج ہے ، جس کےمتعلق پولیس رپورٹ کچھ اس طرح ہے ،کچے میں ڈاکوؤں کے پاس اینٹی ایئر کرافٹ گنز موجود ہیں، اور پولیس کا اشارہ اس طرف ہے۔

بکتر بند کو نشانہ بنانے کے لیے یہی اینٹی ایئر کرافٹ گنز استعمال کی جاتی ہیں جو کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ اطلاعات کے مطابق صرف ضلع شکار پور میں ڈاکوؤں کے پاس نو ایسی گنز موجود ہیں۔ ان کے جواب میں پولیس کے پاس اس معیار کا اسلحہ موجود نہیں۔

ڈاکو اب مقابلوں کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کے پاس ایس ایم جی کے ساتھ ساتھ جی تھری بندوق بھی موجود ہے جو لانگ رینج فائر کرسکتی ہے۔

کچے کے علاقوں میں برسر پیکار یہ ڈاکو مختلف قبائل سے تعلق رکھتے ہیں، اور بسا اوقات آپس کے اختلافات میں مخالف قبیلے کے افراد کو اغوا اور قتل کر کے کچے میں پناہ لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اغوا برائے تاوان ان کا پیشہ بن چکا ہے۔

Shares: