ماسکو: روس نے یوکرین کے انتونوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قبضہ کر لیا اطلاعات کے مطابق حکام نے قبضے کی تصدیق کر دی-
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس نے ایم آئی 8 ہیلی کاپٹرز کے ساتھ یوکرین کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملہ کیا یوکرینی حکام نے ایئرپورٹ پر قبضے کی تصدیق کر دی۔
اس سے قبل روس کے یوکرین پر حملے کے دوران 8 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے اور روس نے یوکرین کا ایئر ڈیفنس نظام تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔
یوکرینی فوج کے سپریم کمانڈر ان چیف نے روسی فوجوں کا زیادہ نقصان پہنچانے کا حکم دیا جبکہ یوکرینی فوج نے مشرق میں 50 روسی فوجی مارنے اور 6 روسی فوجی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا۔
رپورٹ کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے کہا کہ روس یوکرین پر قبضے کا منصوبہ نہیں رکھتا، روسی فوجی کارروائی کا مقصد یوکرین کو غیر عسکری کرنا ہے، یوکرینی فوجی ہتھیار چھوڑ کر گھر چلے جائیں۔
روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کیا ہے؟
خیال رہے کہ 1922 میں جب سوویت یونین کی بنیاد ڈالی گئی تو یوکرینین سوویت سوشلسٹ ریپبلک (یوکرینین ایس ایس آر) بھی اس میں شامل تھا تاہم1991 میں جب سوویت یونین کا شیرازہ بکھرا تو یوکرین نے بھی آزادی حاصل کی۔
البتہ روس اپنا شیرازہ بکھرنے کے باوجود سوویت یونین میں شامل ممالک کو کہیں نہ کہیں اپنا حصہ سمجھتا ہے اور یوکرین کا معاملہ بھی یہی ہے۔ یوکرین میں قدیم روسی نسل کے باشندے بھی بڑی تعداد میں آباد ہیں جن میں کریمیا، دونیستک اور لوہانسک میں ان کی اکثریت ہے۔
روس اور یوکرین کے درمیان اس سے قبل 2014 میں بھی جنگ ہوچکی ہے۔ دراصل یوکرین کی خواہش ہے کہ وہ یورپی یونین میں شمولیت حاصل کرے اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کا حصہ بنے تاکہ اسے تجارتی و دفاعی تحفظ حاصل ہوسکے تاہم روس مختلف وجوہات کی بنا پر اس کے خلاف ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کی بنیادی وجہ یہ دو عوامل ہی ہیں۔