روس نے جنوبی کوریا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو غیر ارادی اور تکنیکی غلطی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق کےمطابق جنوبی کوریا کے صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ روس نے گزشتہ روز اس کے جنگی طیارے کی جانب سے جنوبی کوریا کی فضائی حدود میں بلا اجازت داخل ہونے پر اسے غیر ارادی قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جنوبی کوریا کا کہنا ہےکہ روسی عسکری حکام کے مطابق فضائی حدود کی خلاف ورزی تکنیکی مسئلے کی وجہ سے ہوئی اور یہ ایک غیر ارادی عمل تھا۔جنوبی کوریا کے حکام نے بتایاکہ روس کی جانب سے واقعے کی فوری تحقیقات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔روسی حکام کا کہناہےکہ اگر طیارہ اپنے طے شدہ ابتدائی روٹ کے مطابق اڑا ہوتا تو یہ واقعہ رونما نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل جنوبی کوریا کے حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ روسی طیارے نے دو مرتبہ اس کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کے حکام کا کہنا تھا کہ روسی مداخلت کے جواب میں اس کے لڑاکا طیاروں نے انتہائی پھرتی سے 360 مشین گن سے فائر کیے۔اس خلاف ورزی پر جنوبی کوریا کے حکام بالا نے روس کو متنبہ کیا تھا کہ اگر آئندہ ایسی حرکت کی گئی تو معاف نہیںکیا جائے گا.