لندن :روسی صدر پیوٹن عالمی سلامتی کیلئے خطرہ:برطانیہ ،اطلاعات کے مطابق برطانیہ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی خارجہ سیکریٹری نے وزیر اعظم بورس جانسن کے خلیج کے دورے کا ذکر کرتے ہوےکہا ہے کہ یہ بالکل درست ہے کہ برطانیہ روس کے لیے تیل اور گیس کے متبادل ذرائع کی طرف دیکھ رہا ہے۔
خارجہ سیکریٹری نے کہا کہ ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین پر حملے میں یورپی سیکیورٹی کو توڑا اور خوفناک طاقت کا استعمال کیا۔ پیوٹن جس طریقے سے اپنے جنگی مشن کو فنڈز فراہم کرتے ہیں وہ تیل اور گیس کی آمدنی کے ذریعے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یقیناً میں یہ نہیں کہہ رہی ہوں کہ ہم سعودی عرب یا متحدہ عرب امارات کی ہر ایک پالیسی سے متفق ہیں لیکن ان سے عالمی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
خارجہ سیکریٹری نے کہا کہ ہمیں دوسرے ممالک کو بھی برطانیہ کے دائرہ اثر میں لانے اور روس سے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں پیوٹن کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، وہ حقیقی خطرہ ہے جس کا دنیا کو سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں مستقبل کے بارے میں پیشگوئیاں نہیں کر سکتی لیکن جو ہم جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ پیوٹن کے منصوبے، منصوبوں کے مطابق نہیں چل رہے ہیں۔
خارجہ سیکریٹری نے مزید کہا کہ پیوٹن پیش رفت نہیں کر رہے ہیں جس کی انہیں امید تھی اور اس کے نتیجے میں وہ زیادہ سے زیادہ انتہائی تکنیکوںاور ہتھیاروں کا سہارا لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ صدر ولادیمیر زیلنسکی کو تمام تعاون فراہم کرے گا۔