سالگرہ پر سلمان خان کا مداحوں کے لئے خصوصی پیغام

بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان آج 27 دسمبر کو 55 برس کے ہوگئے ہیں لیکن سالگرہ سے قبل ہی دبنگ ہیرو نے اپنی رہائش گاہ کے باہر اپنے مداحوں کے لیے ایک خصوصی نوٹس جاری کیا تھا۔

باغی ٹی وی : ہر سال سلمان خان کی سالگرہ کے موقع پر ممبئی میں اداکار کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے اور ان کے جنم دن پر سلمان خان کی ایک جھلک دیکھنے کے منتظر ہوتے ہیں۔

تاہم اس سال سلمان خان کی سالگرہ کچھ مختلف ہوگی اور انہوں نے اس حوالے سے اپنی رہائش گاہ کے باہر نوٹس بھی آویزاں کیا ہے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس سال سلمان خان نے اپنے اپارٹمنٹس کے باہر ایک نوٹس لگایا ہے اور بتایا ہے کہ وہ گھر پر نہیں ہوں گے اور مداحوں سے باہر ہجوم میں نہ کھڑے ہونے اور سماجی فاصلے کا احترام کرنے پر زور دیا ہے۔

سلمان خان کی جانب سے لگائے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ سالوں سے میری سالگرہ پر مداحوں کی محبت اور جوش و خروش بہت زیادہ ہوتا ہے لیکن اس سال میری عاجزانہ اپیل ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس اور سماجی فاصلے کی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے میرے گھر کے باہر ہجوم نہ ہو۔

اداکار نے کہا کہ ماسک پہنو ، ہاتھ سینیٹائز کرو اور سماجی فاصلہ برقرار رکھو۔

اس کے ساتھ ہی سلمان خان نے نوٹ میں بتایا کہ اس وقت میں گلیکسی میں نہیں ہوں-

خیال رہے کہ سلمان خان جو ان دنوں بگ باس 14 کی میزبانی کر رہے ہیں انہیں آنے والی ویک اینڈ قسط میں ریئلٹی شو میں حصہ لینے والوں کی جانب سے سالگرہ کے موقع پر خصوصی پارٹی دی جائے گی۔

بگ باس 14 کی برتھ ڈے اسپیشل قسط میں جیکولین فرنینڈز اور روینہ ٹنڈن بھی شریک ہوں گی جبکہ بگ باس کی سابقہ کھلاڑی شہناز گل بھی اس قسط کا حصہ بنیں گی۔

Comments are closed.